بنگلور میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب کانگریس سے ہاتھ ملانے جنتا دل ( سیکولر ) کا فیصلہ

بنگلور۔یکم ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم اور جنتادل ( سیکولر ) کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج بتایا کہ بنگلور میونسپل کارپوریشن کے میئر انتخابات کیلئے ان کی پارٹی نے کانگریس سے ہاتھ ملانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری پارٹی قائدین بشمول ارکان اسمبلی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہمیئر انتخابات میں کانگریس سے ہاتھ ملایا جائے۔ مسٹر دیوے گوڑا نے کہا کہ اس خصوص میں قطعی فیصلہ صدر کرناٹک پردیش کانگریس جی پرمیشور اور چیف منسٹر سدارامیا کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔ قبل ازیں سینئر کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے نے جنتا دل سیکولر قائدین سے کہا تھا کہ چونکہ میئر کے انتخاب کا مسئلہ مقامی ہے لہذا ریاستی سطح پر بات چیت کی جائے اور اس معاملہ میں ہائی کمان کی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر دیوے گوڑا نے کہا کہ ان کی پارٹی میئر کے عہدہ کی دعویدار نہیں ہے بلکہ ڈپٹی میئر کی خواہشمند ہے۔