بنگلور اور پنجاب کامیاب، کولکاتا کو بارش سے مایوسی

بنگلورو ؍ کولکاتا ، 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے جاریہ 11 ویں سیزن میں آج کھیلے گئے دو مقابلوں میں رائل چیلنجرس بنگلور اور کنگز الیون پنجاب ترتیب وار چھ وکٹس اور نو وکٹ (D/L) سے کامیاب ہوئے۔ بنگلورو میں دہلی ڈیرڈیولز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 174/5 اسکور کئے جس میں سب سے زیادہ 85 رنز ریشب پنت نے بنائے۔ تاہم اے بی ڈی ولیرس کی دھواں دھار اننگز (90 رنز) کی مدد سے آر سی بی نے 18 اوورز میں 176/4 پر جیت درج کرائی۔ دن کا دیگر مقابلہ جو کولکاتا کے ایڈن گارڈن میں کھیلا گیا، دنیش کارتک کی میزبان ٹیم کیلئے مایوس کن رہا۔ میزبانوں نے 191/7 اسکور کئے لیکن جوابی اننگز میں پنجاب 8.2 اوورز میں 96/0 کے زبردست موقف میں تھے کہ بارش شروع ہوگئی جس نے 95 منٹ تک کھیل روکے رکھا۔ اور جب کھیل کا احیاء ہوا تو ’ڈکورتھ ؍ لوئس‘ طریقہ کار کے مطابق مہمانوں کو 13 اوورز میں 125 کا نظرثانی شدہ ٹارگٹ دیا گیا جو 11.1 اوورس میں 126/1 کے ساتھ پورا کرلیا۔ کرس گیل 38 گیندوں میں 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔