بنگلور اور راجستھان آج پہلی کامیابی کیلئے کوشاں

جئے پور ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان رائلس اور رائل چیلنجرس بنگلور صرف ایسی دو ٹیمیں ہیں جو آئی پی ایل 2019ء میں ہنوز اپنی کامیابی کا کھاتہ نہیں کھول پائی ہے اور کل یہاں مان سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مقابلے میں دونوں ہی ٹیمیں کامیابی کیلئے کوشاں ہوں گی۔ دونوں ہی ٹیموں کو اس پہلی کامیابی کی تلاش ہے جس کے ذریعہ وہ رواں سیزن اپنی مہم کو صحیح سمت گامزن کرسکے۔ رائل چیلنجرس بنگلور کے مظاہرے انتہائی مایوس کن ہے جیسا کہ جس وقت مقابلے پر اسے گرفت مضبوط کرنی تھی اسی وقت اس کی گرفت کمزور ہوتی گئی۔ کنگس الیون پنجاب، سن رائزس حیدرآباد اور چینائی سوپر کنگس کے خلاف کھیلے گئے تینوں مقابلوں میں رائل چیلنجرس بنگلور کیلئے ایسے لمحات بھی آئے تھے جہاں وہ مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرسکتی تھی لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔ گذشتہ روز چینائی میں کھیلے گئے مقابلے میں راجستھان رائلس کو اس وقت بہترین موقع تھا جب چینائی کی ٹیم 27 رنز کے مجموعی اسکور پر اپنی تین وکٹ گنوا چکی تھی اس موقع پر دھونی نے 46 گیندوں میں 75 رنز بناتے ہوئے چینائی کو نہ صرف مستحکم موقف میں پہنچایا بلکہ ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ حیدرآباد کے خلاف بھی رائلس کیلئے ایسے ہی حالات تھے جب سنجو سامسن نے سیزن کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کیلئے اسکور بورڈ پر ہمالیائی ہندسہ درج کیا تھا لیکن بولروں نے اس اسکور کا کامیاب دفاع نہیں کیا۔ دوسری جانب بنگلور کیلئے کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں کامیابی اشد ضروری ہے تاکہ اس کے کپتان اور ٹیم اپنے وقار کو بلند کرسکے۔ بنگلور جو کہ طاقتور بیٹنگ کیلئے مشہور ہے لیکن ابتدائی تین مقابلوں میں اس کے بیٹسمینوں نے انتہائی مایوس کیا ہے جبکہ پہلے مقابلہ میں چینائی کے خلاف 70 رنز پر آوٹ ہونے کے بعد گذشتہ روز حیدرآباد کے خلاف اسے 118 رنز کی شکست بھی برداشت کرنی پڑی۔ کوہلی، اے بی ڈی ولیرس شمرون ہٹمائر، معین علی اور پارتھیو پٹیل کی موجودگی کے باوجود اس کا بیٹنگ شعبہ کامیاب نہیں ہوپا رہا ہے۔