بنگلور آج پنجاب کیخلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک کا خواہاں

بنگلور۔23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یکے بعد دیگرے دو فتوحات کے بعد رائل چیلنجرس بنگلور کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کل یہاں کھیلے جانے والے اگلے مقابلے میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف اپنی فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلئے کوشاں ہوگی۔ بنگلور کو گزشتہ مقابلہ میں سرفہرست چینائی سوپر کنگس کے خلاف ایک رن کی کامیابی حاصل ہوئی تھی، حالانکہ مہیندر سنگھ دھونی نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلور کے کھلاڑیوں کو پریشان کردیا تھا، لیکن قریبی کامیابی کے بعد ویراٹ کوہلی کی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ کل کے مقابلے میں کوہلی کی زیرقیادت ٹیم پیچھے مڑ کر نہیں دیکھے گی اور امید کی جارہی ہے کہ وہ فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھے گی۔ دریں اثناء اے بی ڈی ویلیرس اور ویراٹ کوہلی گزشتہ مقابلے میں بہتر مظاہرہ نہیں کر پائے تھے اور ٹیم انتظامیہ امید کررہا ہے کہ ان دو اسٹار کھلاڑیوں کے بہتر مظاہروں سے ٹیم ایک ہمالیائی اسکور کھڑا کرے گی۔ اس سے قبل کھیلے گئے مقابلے میں اے بی ڈی ویلیرس نے ناقابل تسخیر 59 اور کوہلی نے 67 رنز کی اننگز پنجاب کے خلاف ہی کھیلی تھی اور اب کل کھیلے جانے والے گھریلو مقابلہ میں بھی وہ اسے مظاہرہ کو دہرانے کے خواہاں ہوں گے۔ بنگلور کے لئے ڈیل اسٹین کی آمد کے باوجود بولنگ شعبہ تشویش کا باعث ہے، جیسا کہ گزشتہ مقابلے میں وہ 162 رنز کا دفاع کرنے میں بھی جدوجہد کرتے رہے اور آخری اوور میں 26 رنز کے دفاع میں بھی اومیش یادو کافی پریشان رہے۔ گزشتہ مقابلے میں آر سی بی کیلئے وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل نے شردول ٹھاکر کو اس وقت رن آؤٹ کیا جب چینائی کو کامیابی کیلئے 2 رنز درکار تھے۔ 10 مقابلوں کو بنگلور کی یہ تیسری کامیابی ہے اور وہ ٹیموں کے جدول میں پانچویں مقام پر موجود پنجاب کے خلاف ایک اور کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب روی چندرن اشون کی زیرقیادت پنجاب کی ٹیم اپنے گزشتہ مقابلے میں دہلی کے خلاف 2 رنز کی شکست کے بعد اس مقابلے میں شرکت کررہی ہے۔ پنجاب بھی کوشاں ہوگا کہ وہ کامیابی کے ذریعہ ٹیموں کے جدول میں اپنے موقف کو مستحکم کرے اور اس کے لئے بنگلور کی کمزور بولنگ کے خلاف کرس گیل، کے ایل راہول اور ڈیوڈ ملر سے برق رفتار بیٹنگ کی امید کی جارہی ہے۔ محمد سمیع اور روی چندرن اشون اس کے بولنگ شعبہ کے اہم ستون ہیں جبکہ سام کرن بھی اہم موقع پر ٹیم کیلئے کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں۔