بنگلور۔ممبئی بس شعلہ پوش،7 افراد ہلاک

ہاویری ( کرناٹک ) 14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) والوو بس کو آتشزدگی حادثہ میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 40 دیگر زخمی ہوگئے ۔ محبوب نگر میں پیش آئے خوفناک حادثہ کے چند ہی دن بعد آج بنگلور سے ممبئی جانے والی ایک اور والوو بس کو یہ حادثہ ہوا۔ بنگلور سے ممبئی جانے والی خانگی والوو بس کرناٹک کے ہاویری ضلع میں حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں اس بس کا پچھلا حصہ ایک برج سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ لگ گئی ۔ کہا گیا ہے کہ بس کا ڈیزل ٹینک پھٹ پڑا اور اس میں آگ لگ گئی ۔ یہ اسی طرح کا حادثہ ہے جس طرح 30 اکٹوبر کو آندھرا پردیش کے محبوب نگر ضلع میں پیش آیا تھا ۔ یہ بس بنگلور سے کام کرنے والے نیشنل ٹراویلس کی تھی جو بنگلور سے ممبئی جارہی تھی ۔ حادثہ صبح کی اولین ساعتوں میں 3.20 بجے کونی میلی برج کے قریب پیش آیا ۔ اس حادثہ میں جھلس کر زخمی ہوجانے والے افراد کو کیمس ہاسپٹل ہبلی میںشریک کروایا گیا ہے ، انسپکٹر جنرل پولیس بیلگام بھاسکر راؤ نے یہ بات بتائی ۔ ہاویری کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ششی کمار نے بتایا کہ برج سے ٹکرانے کے بعد یہ بس 150 میٹر تک گھس گئی تھی جب ڈرائیور نے بریک لگانے کی کوشش کی تو اس میں آگ لگ گئی ۔ تین افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ چار دواخانہ جاتے ہوئے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ کئی مسافرین کو بس سے کودنے کی کوشش میں زخم اور فریکچر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بس میں کوئی آتش گیر مادہ نہیں تھا۔پولیس نے کہا کہ تمام جھلسی ہوئی نعشوں کی بعد میں شناخت کرلی گئی ۔ نیشنل ٹراویلس کے مالک ضمیر احمد خان نے کہا کہ گاڑی میں کچھ فنی مسئلہ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا، جس کیلئے انہوں نے کمپنی کو مورد الزام ٹھہرایا۔