بنگلور ۔24مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت رائل چیالنجرس بنگلور کی ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ ہنوزجاری ہے ‘ جیسا کہ یہاں کھیلے گئے مقابلے میں اُسے چینائی سوپر کنگس کے خلاف 8وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ 155رنز کے تعاقب میں مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپر کنگس نے14گیندیں قبل دو وکٹوں کے نقصان پر 160رنز اسکور کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔ چینائی کیلئے فاف ڈپلویسی نے 43گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54رنز اور کپتان دھونی نے 28گیندوں پر مشتمل 49رنز کی ناقابل تسخیر اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے مارے ۔ قبل ازیں ڈیون اسمتھ اور ڈپلوسی نے پہلی وکٹ کیلئے 4.2اوورس میں 57رنز کی بہترین شروعات چینائی کو فراہم کی ۔قبل ازیں بنگلور نے 6وکٹوں کے نقصان پر 154رنز اسکور کئے جس میں ویراٹ کوہلی نے 49گیندوں میں 73رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں پانچ چھکے شامل ہیں ۔ ویراٹ کے علاوہ یوراج سنگھ (25) اور ڈی ویلئرس (10) بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے ۔