بنگلورمہانگر پالیکا میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد برقرار

بنگلور 28ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل ایس اور کانگریس کا بنگالورو سٹی کارپوریشن میں اتحاد برقرار ہے کیوں کہ کانگریس کی نامزد کردہ امیدوارہ جی پدماوتی ایک سال کی میعاد کے لئے نئی میئر منتخب ہوئیں۔ پدماوتی نے بی جے پی کی اپنی قریبی حریف بی ایچ لکشمی کے 120ووٹوں کے برخلاف 142ووٹ حاصل کئے ۔ ریجنل کمشنر ایم وی جیئنتی جو الیکشن افسربھی تھیں نے بی جے پی کے واک آوٹ کے درمیان نتائج کا اعلان کیا۔ پدماوتی پرکاش نگر وارڈ سے 4مرتبہ کارپوریٹر رہیں ۔ وہ براہوت بنگلور مہانگر پالیکے کی 50ویں میئر ہوں گی۔ دونوں جماعتوں کے درمیان طے پائے معاہدہ کے مطابق ڈپٹی میئر کا عہدہ جے ڈی ایس کو گیا جس کے امیدوار آنند کو منتخب قرار دیا گیا۔میئر کے انتخاب کے فوری بعد بی جے پی ارکان نے الیکشن افسرکے خلاف احتجاج کرتے ہوئے واک آوٹ کردیا جنہو ں نے لوک سبھا کے رکن پی سی موہن اور راجیہ سبھا کے رکن راجیو چندرشیکھر کو اس بنیاد پر حق رائے دہی سے محروم کردیا کیوں کہ وہ تاخیر سے آئے تھے ۔ موہن نے کہا کہ انہیں ووٹ دینے کی اجازت دی جانی چاہئے کیوں کہ انہوں نے کاویری کے تنازعہ پر وزیراعلی سدارامیا کی جانب سے طلب کردہ کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کی تھی اسی لئے انہیں آنے میں تاخیر ہوئی۔جیئنتی نے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رکن کو انتخابی عمل کے آغاز سے پہلے موجود ہونا چاہئے ۔ چوں کہ وہ تاخیر سے پہنچے ۔ اسی لئے انہیں حق رائے دہی کی اجات نہیں دی جاسکتی۔ بی جے پی کے ارکان نے ڈپٹی میئر کے عہدہ کے انتخاب کے لئے کم از کم موہن کو حق رائے دہی سے استفادہ کی اجازت دینے کے لئے دباو ڈالا کیوں کہ ان کے آنے کے بعد یہ عمل شروع نہیں ہوا تھا تاہم ریٹرننگ آفیسر نے اس بات کو ماننے سے انکار کردیا اور کہا کہ قواعد اس کی اجازت نہیں دیتے ۔حق رائے دہی سے محروم کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی کے ارکان نے قواعد کی کاپیوں کو پھاڑ دیا۔
اور ان پر پھینکتے ہوئے ڈپٹی میئر کے عہدہ کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔