کولکتہ 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے آج کہا کہ انکی پارٹی ریاست میں 2019 کے انتخابات میں لوک سبھا کی 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے اور 2021 کے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں اقتدار حاصل کرنا اس کا نشانہ ہے ۔ انہوںنے دعوی کیا کہ بی جے پی پہلے ہی ریاست میں کمیونسٹ جماعتوں اور کانگریس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ترنمول کانگریس کی اصل متبادل کے طور پر ابھری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام ممتابنرجی کی مخالف عوام پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں اور وہ ایک متبادل کی تلاش میں ہے جو انہیں فراہم کردیا جائیگا ۔ گھوش نے پارٹی کی ریاستی عاملہ کے اجلاس میں یہ اظہار خیال کیا ۔ اجلاس میں سیاسی مخالفین سے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کی حکمت عملی کے علاوہ پارٹی کی تنظیمی طاقت وغیرہ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی 2019 لوک سبھا انتخابات میں مغربی بنگال میںسیمی فائنل تصور کر رہی ہے اور یہاں 25 لوک سبھا حلقوں سے کامیابی کی خواہاں ہے ۔ اس کے بعد پارٹی 2021 کے اسمبلی انتخابات کو فائنل سمجھے گی اور ممتابنرجی حکومت کا خاتمہ کرتے ہوئے بی جے پی حکومت قائم کرنے کے مقصد سے آگے بڑھے گی ۔