کلکتہ 14نومبر (سیاست ڈاٹ کام)مغربی بنگال کانگریس کے انچارج اور نوجوان لیڈر گورو گگوئی نے ریاستی کانگریس کے لیڈروں سے کہا ہے کہ2019کے لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کرنے کی طرف توجہ دیں اور کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کی طرف توجہ دیے بغیر صرف اورصرف پارٹی کو اپنے قدم پر کھڑا کرنا ضروری ہے ۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سے متعلق پارٹی لیڈروں کے مشوروں کو سننے کے بعد گگوئی نے کہا کہ ترنمول کانگریس غیرجمہوری طریقے سے بنگال میں حکمرانی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر سیاسی لیڈران ترنمول کانگریس سے اتحاد کی مخالفت کررہے ہیں۔ پارٹی لیڈروں کے اتحاد سے متعلق مختلف مشورے اور موقف کو سننے کے بعد گگوئی نے کہا کہ اتحاد کی بات کیے بغیر پارٹی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترنمو ل کانگریس غیر جمہوری طریقے سے کانگریس کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ایسی صورت میں ریاستی لیڈروں کا ترنمول کانگریس سے اتحاد کی مخالفت کرنا فطری بات ہے ۔انہوں نے پارٹی لیڈروں کو مشورہ دیا کہ اگر پارٹی ورکروں پر حملے ہوتے ہیں تو اس کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں۔