بنگال میں ترنمول کانگریس کو دوبارہ اقتدار یقینی : ممتا بنرجی

کولکتہ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام ) یہ استدلال پیش کرتے ہوئے کہ جمہوریت میں عوام کا فیصلہ قطعی ہوتا ہے، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج بتایا کہ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات میں دوبارہ برسر اقتدار آئے گی کیونکہ گزشتہ 4 سال کے دوران متاثرکن ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ہیں۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر میں کہاکہ جمہوریت میں عوام کا فیصلہ آخری ہوتا ہے اور ہمارا ترقیاتی ریکارڈ ہمیں یہ بھروسہ دلاتا ہے کہ ہم سال 2016 ء کے انتخابات پھر ایک بار اقتدار میں آجائیں گے۔ ممتا بنرجی کے ٹوئیٹ کے بارے میں دریافت کرنے پر ریاستی وزیر فینانس امیت مشرا نے کہاکہ بہتر ہوگا کہ ٹوئیٹ کے بارے میں ان (ممتا) سے ہی پوچھیں لیکن چیف منسٹر نے یہ خاص بات کہی کہ عوام کا فیصلہ ہی آخری ہوتا ہے کیونکہ ریاست میں متعدد ترقیاتی کام انجام دیئے گئے اور منصوبہ جاتی مصارف میں اضافہ کیا گیا اور بنیادی سہولیات کو فروغ دیا گیا ہے اور حکومت کی کارکردگی اور کامیابیوں کی بنیاد پر چیف منسٹر نے دوبارہ اقتدار میں آنے کا ایقان ظاہر کیا۔ تاہم چیف منسٹر کے ٹوئیٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے نیشنل سکریٹری سدھارتھ ناتھ سنگھ نے ممتا بنرجی کے بیان سے ان کی مایوسی ظاہر ہوتی ہے کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ ان کی حکومت نے حکمرانی کے نام پر کچھ بھی نہیں کیا ہے اور بنگال میں بی جے پی کی مقبولیت نے انھیں ذہنی پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو ممبر محمد سلیم نے بتایا کہ چیف منسٹر نے بوکھلاہٹ میں یہ سب کہا ہے کیونکہ ان میں اعتماد کا فقدان پایا جاتا ہے۔ محمد سلیم نے کہاکہ وہ بنگال کی حقیقی تصویر سے واقف ہے اور انھیں یہ علم ہے کہ ایک بھی انتخابی وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا اور وہ دوبارہ اقتدار میں آنے کے اعتماد سے محروم ہوگئی ہیں۔