اسسٹنٹ منیجرایس بی آئی کوڑنگل خلیل الرحمن کا صحافتی بیان
کوڑنگل /14 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اسسٹنٹ منیجر ایس بی آئی برانچ کوڑنگل مسٹر خلیل الرحمن نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بنک صارفین کو ٹھگوں سے چوکنا رہنے کی تلقین کی ہے ۔ موصوف نے انکشاف کیا کہ آئے دن دھوکہ دہی کے بیشتر واقعات کی رونمائی سے صارفین کو ہزاروں روپیوں کی رقم سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے ۔ فاضل عہدیدار نے بتایا کہ صارفین کو ٹھگنے والے جعلساز نت نئے طریقوں سے بہ آسانی اپنے جال میں پھانس لیتے ہیں ۔ یہ لوگ اپنے آپ کو بنک عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے فون پر صارفین سے ربط پیدا کرکے کہا جاتا ہے کہ آپ کا اے ٹی ایم پن نمبر بلاک ہوگیا ہے ۔ نیا نمبر الاٹ کیا ج ارہا ہے اور کہا جاتا ہے کہ میں بنک منیجر بات کر رہا ہوں اور بعض اوقات کہتے ہیں کہ میں ہیڈ آفس حیدرآباد سے بات کر رہا ہوں ۔ آپ کا اکاونٹ نمبر اور اے ٹی ایم پن نمبر نوٹ کروائے ۔ بھولے بھالے صارفین مذکورہ نمبر نوٹ کروادیتے ہیں اس کے کچھ ہی دیر بعد پاس بک سے رقم غائب ہوجاتی ہے اور صارفین ہاتھ ملتے رہ جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں اے ٹی ایم سے رقم کے حصول سے نابلد خواتین و معمر حضرات کی مدد کرنے کا بہانہ بناکر اے ٹی ایم کارڈ کی تبدیلی کرکے رقم کا سرقہ کرلینے کی بھی وارداتیں پیش آئی ہیں ۔ نیز اے ٹی ایم سے رقم حاصل کرکے باہر آنے پر دس روپیوں پر مشتمل کچھ نوٹوں کو نیچے ڈالتے ہوئے سارقین صارفین کو دھوکہ دے کر کہتے ہیں کہ آپ کے نوٹ نیچے گر گئے ہیں ۔ ان کی توجہ ہٹاکر رقمی بیاگ چھین کر رفوچکر ہوجاتے ہیں ۔ لہذا موصوف نے رقمی لین دین کے موقع پر انتہائی چوکنا رہنے کی تلقین کی ہے اور کہا کہ بنک انتظامیہ کبھی بھی اس قسم کے فون وغیرہ نہیں کرتا ۔ مسٹرخلیل الرحمن کوڑنگل میں تعیناتی سے قبل اسسٹنٹ منیجر ایس بی آئی سلطان بازار حیدرآباد میں کارگذار رہتے ہوئے گراں قدر خدمات انجام دہی میں عہدیداران بالا اور ماتحت عملہ میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں ۔