بنکوں کو ہفتہ بھر تعطیلات کے سبب تجارتی سرگرمیاں متاثر

گلبرگہ /30 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جاریہ ماہ کی تاریخ 30ستمبر 2014سے 7 اکتوبر تک بینکوںکے بند رہنے کے سبب تجارت ،صنعت و حرفت، عام لین دین و عوامی زندگی پر برے اثرات مرتب ہونے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ 30ستمبر اوریکم اکتوبر کو بینکوں کے شش ماہی حسابات ہوتے ہیں اور بینکس عام لوگوں کے لئے بند رہتے ہیں ۔پھر 2اکتوبر کو گاندھی جینتی کی تعطیل ہے اور 3اکتوبر کو دسہرہ کی تعطیل ہے۔ 4اکتوبر کو یعنی ہفتہ کے دن بینکوں کو نصف دن کی چھٹی ہوگی۔ 5اکتوبر کو اتوار کی عام تعطیل ہوگی۔ پھر 6اکتوبر کو عید الاضحی کی عام تعطیل ہوگی۔ اس طرح 7اکتوبر تک بینکوں کے مسلسل بند رہنے سے رقومات حاصل کرنے اور رقومات جمع کروانے کے معاملات پر اثر پڑ سکتا ہے ۔ لہٰذا ان تعطیلات کی روشنی میں عام عوام اور تجارتی و صنعتی ادارے،تعلیمی و سرکاری و دیگراداروں سے معاملت کرنے کے ضمن میں تعطیلات کے شروع ہونے سے قبل ہی بینکوں سے کاروبار اور لین دین کو مکمل کرلینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔