بنکروں کی خوشحالی کیلئے حکومت ہر طرح مدد کرنے تیار

رعایتی قیمتوں پر دھاگوں اور قرض معافی اسکیم روبہ عمل، کریم نگر میں ایٹالہ راجندر کاخطاب
کریم نگر۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بنکروں کی زندگی میں خوشحالی لانے اور ان کی ترقی کیلئے حکومت ہر طرح سے مدد کرے گی۔ ریاستی وزیر سیول سپلائیز و فینانس ایٹالہ راجندر نے یہ بات کہی۔ کریم نگر کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں ہینڈلوم ٹیکسٹائیل محکمہ کے زیر اہتمام بنکروں کے یوم قومی جشن کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں وہ بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج بنکروں کے پیشہ کو عزت اور وقار کی نظر سے دیکھا جارہا ہے تاحال مکمل طور پر اس پیشہ کے تحفظ و ترقی کیلئے سابق حکومتوں نے مناسب طور پر توجہ نہیں دی۔ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد بنکروں کی ترقی کیلئے کئی ایک قابل ذکر اسکیمات روبہ عمل لائی جاچکی ہیں۔ بنکروں کو شیڈس تعمیر کرکے دیئے گئے، رنگوں اور دھاگوں پر 40 فیصد کی چھوٹ دی جارہی ہے، اندرون ایک لاکھ روپئے کے قرض معاف کئے گئے ہیں۔ قدیم ضلع کریم نگر چنیتا سہاکارا سنگھم بھون کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری دی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنکروں کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی کی جارہی ہے۔ شعبہ ہینڈلوم کو ضلع کریم نگر میں ریاست میں مثالی بنایا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے روبہ عمل ترقیاتی پروگراموں میں 6 کیلو چاول، کلیانا لکشمی اسکیم سے استفادہ کی فراہمی کی جارہی ہے اور بنکروں کے مسائل کو کے ٹی آر سے بات چیت کرتے ہوئے حل کئے جائیں گے۔ ضلع میں تمام کپڑا بنکروں کے پیشہ کی ترقی اور حفاظت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ غریب طبقات کو قرض دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی مرضی کے مطابق کوئی بھی کاروبار کرسکیں۔ اس اجلاس میں مختلف سنگھموں کے قائدین نے انہیں درپیش مسائل اور دشواریوں سے وزیر موصوف کو واقف کروایا۔ اس پروگرام میں ایم ایل سی ناراداس لکشمن راؤ، ہینڈلوم ٹیکسٹائیل مددگار ڈائرکٹر ایم وینکٹیشم، ایم پی پی واسالہ رمیش، کھادی علاقائی آفیسر ایس پدماشالی، سنگھم صدر متکویتم وغیرہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر چنیتا سہاکارا سنگھم کے ارکان کو بچت سے متعلق 40 لاکھ مالیتی چیک حوالے کیا گیا۔ بعد ازاں کپڑا بنکروں کو تہنیت پیش کی گئی۔