بندی پورہ میں تیسرے روز بھی کرفیو

سرینگر۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے بندی پورہ ڈسٹرکٹ میں آج تیسرے دن بھی کچھ حصوں میں کرفیو کا نفاذ رہا، جہاں جمعہ کے روز مبینہ طور پر پولیس فائرنگ میں ایک نوجوان کی موت ہوگئی تھی۔ دوسری طرف وادی کے دیگر علاقوں میں دو روزہ ہڑتال کے بعد حالات معمول پر آ گئے۔ پولیس ترجمان نے بھی بندی پورہ کے کچھ علاقوں میں تیسرے دن بھی کرفیو کے نفاذ کی توثیق کی جبکہ دیگر مقامات بشمول سرینگر سے امتناعی احکامات ختم کردیئے گئے ہیں جہاں ہفتہ کے روز حکام نے نوجوان کی موت کے بعد امتناعی احکامات نافذ کئے تھے۔

مالدہ میں انتخابی جھڑپ، تین زخمی
مالدہ ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے مالدہ ڈسٹرکٹ میں کانگریس اور ترنمول کانگریس کے حامیوں کے درمیان ہوئی ایک مسلح جھڑپ میں تین افراد فائرنگ کے دوران زخمی ہوگئے۔ کالیا چوک کے بابلا علاقہ میں جھڑپ کے دوران بندوق اور بموں کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ دریں اثناء مالدہ پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش یادو نے کہا کہ دیواروں پر انتخابی پینٹگز کو لیکر تنازعہ پیدا ہوگیا جو بعدازاں تشدد میں تبدیل ہوگیا۔ جھڑپ میں سڑک سے گذرنے والے تین راہگیر بھی زخمی ہوگئے ہیں جنہیں ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا۔