بندروں سے نجات کیلئے تلگودیشم قائد کی دستخطی مہم

یلاریڈی کی عوام کا بندروں سے جینا محال

یلاریڈی ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی میں ایک عرصہ دراز سے بندروں نے عوام کا جینا محال کررکھا ہے اور کئی مرتبہ عوام نے محکمہ صحرائی عہدیداروں ، گرام پنچایت ذمہ داروں کو اس تعلق سے توجہ دلائی لیکن کوئی فائدہ نہ رہا ۔ ہر روز یہ بندر عوام کو مارکٹ سے اشیاء لاتے دیکھ کر ان پر حملہ کرکے چھین رہے ہیں اور مکانات کے اندر گھس کر مختلف اشیاء اور بعض دفعہ قیمتی اشیاء اٹھا لے جارہے ہیں ۔ جس سے عوام میں خوف و مایوسی پائی جاتی ہے ۔ ایسے میں مقامی تلگودیشم سینئر قائد و سابق زیڈ پی ٹی سی مسٹر شیخ غیاث الدین نے عوامی مشکلات کو دور کرنے کیلئے بندروں سے نجات دلانے کیلئے دستخطی مہم کا آغاز کرکے یلاریڈی میونسپل انچارج کمشنر مسٹر چناریڈی سے نمائندگی کی ۔ مسٹر شیخ غیاث الدین نے اس موقع پر بتایا کہ آبادی میں تمام سینکڑوں بندروں کو پکڑنے کا حکومت انتظام کرے اور انہیں جنگل میں منتقل کرے ۔ انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے گھر گھر جاکر عوام کی دستخطیں حاصل کیں اور عوام نے بھی اس مہم کی بھرپور تائید کی ۔ کیونکہ ان بندروں نے زندگی مشکل کردی ہے ۔ انسانوں پر حملہ کرکے زخمی کرنے کے بھی کئی واقعات ہیں ۔ معصوم طلباء کا اسکول جانا بھی بندروں کی وجہ سے خطرہ سے خالی نہیں جس سے عوام شدید برہم ہیں کہ صحرا عہدیدار یا پھر ذمہ داران کوئی بھی اس خطروں والی مشکلات سے نجات کا کوئی قدم نہیں اٹھاتے ۔ اس موقع پر تلگودیشم قائد مسٹر سائی رام اور دوسرے موجود تھے ۔ میونسپل کمشنر سے بندروں کو صحراء منتقل کی درخواست کی گئی ۔