بندرا کو گولڈ اور ملائیکا کو سلور میڈل

نئی دہلی ۔26جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے اسٹار اتھلیٹ ابھنیو بندرانے اپنے پسندیدہ 10میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں یہاں گلاسگو کامن ویلتھ گیمس میں ہندوستان کیلئے ایک اور گولڈ میڈل حاصل کیا ہے ۔ بیسویں کامن ویلتھ گیمس میں 31سالہ بندرا نے اعصاب شکن لمحات میں خود پرقابو رکھتے ہوئے یہ کامیابی 205.3نشانات کے ذریعہ حاصل کی ہے ۔ ہندوستان کیلئے ایک اور اہم کامیابی نشانہ بازی میں 16سالہ ابھرتی اتھیلیٹ ملائیکا گوئل نے حاصل کی جیسا کہ انہوں نے 10 میٹر ایئرپستول ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کیا ہے ۔ حنا سدھو سے امید کی جارہی تھی لی کن وہ بیری بوڈن شوٹنگ سنٹر میں ہندوستانی توقعات کو پورا نہیں کرسکی ۔ ابتدائی دن ہندوستان نے 7میڈلس حاصل کئے تھے اور تادم تحریر بندرا کے ہمراہ ملائیکا کی فتوحات کے ذریعہ ہندوستان کی میڈلس کی تعداد 9ہوچکی ہے ۔ ٹیموں کے جدول میں ہندوستان کو چوتھا مقام حاصل ہوا ہے ۔ کیونکہ اس نے تین گولڈ میڈلس حاصل کرلئے ہیں ۔ قومی اتھیلیٹ نے چار سلور اور دو براؤنز میڈلس بھی حاصل کئے ہیں تاہم وہ انگلینڈ (18) ‘ آسٹریلیا (15)اور اسکاٹ لینڈ (10)کے بعد چوتھے مقام پر فائز ہے ۔