انچیان ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے اسٹار نشانہ باز ابھینو بندرا نے آج ایشین گیمس میں اپنے میڈل کے قحط کو بالآخر توڑتے ہوئے مرد زمرہ کے 10 میٹر ایر رائفل میں برونز کی شکل میں ایشین گیمس کا پہلا میڈل حاصل کرلیا ہے۔ بندرا کیلئے یہ بین الاقوامی سطح پر آخری بڑا ٹورنمنٹ تھا کیونکہ انہوں نے بین الاقوامی نشانہ بازی کے مقابلوں سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ 2008ء میں اولمپک گولڈ میڈل حاصل کرنے والے بندرا نے انفرادی میڈل کے علاوہ اپنے ساتھی کھلاڑی سنجیو راجپوت اور روی کمار کے ہمراہ ٹیم زمرہ کا برونز میڈل بھی حاصل کیا ہے۔ گلاسگو کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے بندرا نے یہاں بھی بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹے شوٹ میں 9.9 اور بارہویں شوٹ میں 9.6 نشانات حاصل کئے ہیں۔ آخری دو شوٹس میں 10.6 اور 10.7 نشانات کے بعد بندرا کو برونز میڈل حاصل ہوا اس زمرہ کا گولڈ میڈل چین کے 18 سالہ نشانہ باز یانگ ہاورن کو حاصل ہوا جو اس ٹورنمنٹ میں واضح طور پر گولڈ میڈل کے حصول کیلئے پسندیدہ کھلاڑی تصور کئے جارہے تھے۔