بنجارہ ہلز کے حکیم پیٹ میں گھر گھر تلاشی

ر23ر وڈی شیٹرس اور دیگر گرفتار ‘ 45 موٹر سائیکلیں ضبط
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) عوام میں احساس تحفظ اور غیرسماجی عناصر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ حیدرآباد میں جاری ہے ۔ کل رات دیر گئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشور راؤ کی قیادت میں بنجارہ ہلز کے علاقے حکیم پیٹ میں گھر گھر تلاشی مہم کی گئی جس میں 23 روڈی شیٹرس اور دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ 500 پولیس عملہ پر مشتمل پولیس ٹیم جس میں 4 اسسٹنٹ کمشنران ، 13 انسپکٹران اور 30 سب انسپکٹر شامل ہے نے کل رات دیر گئے اچانک حکیم پیٹ علاقہ میں گھر گھر تلاشی مہم کی جس میں 600 سے زائد مکانات کی تلاشی لی گئی ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 23 روڈی شیٹرس کے علاوہ 19 مشتبہ افراد اور 5 عادی مجرمین جو سابق میں رہزنیوں میں ملوث ہے کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران 45 موٹر سائیکلیں ، تین آٹوز ضبط کرلئے جبکہ 5 آفریقی باشندوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے دستاویزات کی جانچ کی جارہی ہے ۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران غیرقانونی طور پر شراب فروخت کرنے والے دو افراد راجو اور بھون سنگھ کو بھی گرفتار کرلیا جو غیرقانونی طور پر شراب فروخت کررہے تھے ۔ پولیس نے بعض شادی خانوں اور کھلے مقامات پر بھی تلاشی کی کارروائی کی۔