بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے روبرو زنخوں کا احتجاج

حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے روبرو زنخوں کی ایک ٹولی کے اچانک احتجاج کے نتیجہ میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ دو دن قبل صنعت نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو روڈی شیٹرس سائی پہلوان اور وینکٹ یادو نے بنجارہ ہلز علاقہ میں واقع بعض زنخوں کے مکانات میں داخل ہوکر انہیں معمول نہ دینے پر زد و کوب کیا اور وہاں سے جبراً روپئے لے کر فرار ہوگئے ۔ زنخوں نے اس بات کی اطلاع مقامی پولیس کو دی تھی لیکن بروقت کارروائی نہ ہونے کے نتیجہ میں کل رات دیر گئے زنخوں کی ایک ٹولی نے پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاج کیا اور مذکورہ روڈی شیٹرس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے زنخوں سے بات چیت کرنے کے بعد روڈی شیٹرس کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا۔