معشوقہ کی موت پر دل برداشتہ ، ذہنی تناؤ پر اقدام
حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے علاقہ بنجارہ ہلز میں ایک یمنی باشندہ نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے بموجب 24 سالہ محمد عطاس علی تعلیم حاصل کرنے کیلئے حیدرآباد آیا تھا اور وہ ٹولی چوکی پیراماؤنٹ کالونی میں مقیم تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ عطاس علی نے آج اپنے مکان میں سیلنگ فیان سے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر پولیس بنجارہ ہلز کی ایک ٹیم جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو متوفی یمنی باشندہ کا ایک خودکش نوٹ برآمد ہوا جس میں عطاس علی نے لکھا کہ اس کی معشوقہ مہلک بیماری سے یمن میں فوت ہوگئی تھی اور وہ اس سے کل جنت میں ملاقات کرنے والا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں مزید تحقیقات میں پیش رفت کی اور متوفی کے دوست احباب سے دریافت کیا اور پولیس کو یہ پتہ لگا کہ اس کی معشوقہ کی موت کے بعد عطاس علی ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔