بنجارہ ہلز میں کار کی ٹکرایک ہلاک،دو زخمی

حیدرآباد ۔ 23نومبر ( سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز میں کل رات دیر گئے پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک تیز رفتار کار جس کا نمبر AP BF 4800ہے ‘کار ڈرائیور بے راہ روی میں کار چلا رہاتھا اور اس نے توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں تین موٹر سیکل سواروں کو ٹکر دیدی ۔ بتایا جاتاہے کہ اس حادثہ میں 27سالہ مغل شاہ ولی ساکن بوئن پلی برسرموقع ہلاک ہوگیا جب کہ مزید دو افراد امر سنگھ اور رویندر شدید زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2پر پیش آیا اور حادثہ کے بعدکار میں سوارجوڑا فرار ہوگیا۔ مرد اور اس کی ساتھی خاتون دونوں حالت نشہ میں تھے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ جوبلی ہلز کلب میں کثرت سے شراب نوشی کے بعد کار چلانے والے ڈرائیور نے ٹکر دی ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس بنجارہ ہلز نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔