حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب نامعلوم بندوق بردار نے شہر کے مشہور و معروف فارماسیوٹیکل کمپنی کے وائس چیرمین پر اے کے 47 رائفل سے فائرنگ کردی۔ اس حملے میںوہ زخمی نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے حملہ آور کا مقابلہ کیا جس کے نتیجہ میں رائفل سے 10 گولیاں چل گئیں ۔ تفصیلات کے بموجب اربندو فارما کے وائس چیرمین مسٹر کے نتیانند ریڈی آج صبح اپنے چھوٹے بھائی کے پرساد ریڈی کے ہمراہ کاسو برہمانند ریڈی ( کے بی آر ) پارک میں چہل قدمی کیلئے پہونچے۔بعدازاں صبح7:30 بجے چہل قدمی کے بعد وہ اپنی آڈی کار میں مکان کیلئے روانہ ہونے والے تھے کہ اچانک ایک نامعلوم شخص ان کی کار میں جبراً گھس پڑا اور عقبی نشست پر بیٹھ گیا اور اے کے 47 رائفل نتیانند ریڈی کی گردن پر رکھ دی ۔بندوق بردار نے اس کی مرضی کے مطابق گاڑی چلانے کیلئے کہا ورنہ ان پر فائر کرنے کی دھمکی دی تاہم مسٹر ریڈی نے بندوق بردار کا مقابلہ کرتے ہوئے اس کی رائفل چھیننے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں بندوق بردار نے اچانک10 راؤنڈ فائر کردیا جس کے سبب آڈی کار کا سامنے کا شیشہ ، چھت اور
بانٹ کو نقصان پہنچا۔ اسی دوران انہوں نے مدد کیلئے چیخ و پکار کی ، فائرنگ کی آواز سن کر ان کے چھوٹے بھائی پرساد کار کے قریب پہنچ گئے اور بندوق بردار کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس نے ان کے ہاتھ کو کتر دیا اور وہ خوف و دہشت کی حالت میں اے کے 47رائفل اور ہینڈ بیاگ چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ حملہ آور ، نتیانند ریڈی کا تاوان کیلئے اغواء کرنا چاہتا تھا جس میں اسے کامیابی نہیں ملی ۔بندوق بردار نے اپنی اے کے 47 رائفل اور ایک بیاگ کار کی نشست پر چھوڑ دی تھی جس کو پولیس نے ضبط کرلیا۔ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس کے علاوہ سٹی پولیس کمشنر مسٹر ایم مہیندر ریڈی مقام واردات پر پہنچ گئے وہاں کا معائنہ کیا۔ پولیس نے کلوز ٹیم کے ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا اور پولیس عہدیداروں نے بندوق بردار کے بیاگ کی تلاشی لی جس میں انہیں ملبوسات کے شوروم چندنا برادرس مہدی پٹنم سے دو دن قبل کی گئی خریداری کی رسید ہاتھ لگی ۔ پولیس کی ٹیم نے رسید کی بنیاد پر شوروم پہنچ کر وہاں کے سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا اور انہیں مشتبہ بندوق بردار کی شبیہ دستیاب ہوئی۔ پولیس نے اس سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی بنیاد پر آج شام ایک خاکہ جاری کیا اور اس کی تلاش شروع کردی۔ بنجارہ ہلز پولیس نے اس سلسلے میں اقدام قتل ، انڈین آرمس ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے بندوق بردار کی تلاش شروع کردی۔