بنجارہ ہلز میں آتشزدگی کا واقعہ، انٹرٹینمنٹ سنٹر جل کر خاکستر

حیدرآباد۔ 6 مئی (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی کے ایک حادثہ میں DQ انٹرٹینمنٹ سنٹر جل کر خاکستر ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا اور اس حادثہ میں 15 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں۔ فائر آفیسر ڈی موہن راؤ نے بتایا کہ آج صبح 11:30 بجے DQ انٹرٹینمنٹ سنٹر کی عمارت میں الیکٹرکل وائرنگ کی درستگی کا کام جاری تھا کہ اچانک شارٹ سرکٹ کے سبب عمارت میں آگ بھڑک اُٹھی۔ دو فائر انجنوں کو مقام حادثہ پر بھیجا گیا اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ اس حادثہ میں انٹرٹینمنٹ کمپنی کا سرور روم مکمل خاکستر ہوگیا اور دیگر اشیاء کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پولیس بنجارہ ہلز نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔