صحافی کی کار میں بم نصب کیا گیا تھا
کابل۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے جنوبی علاقہ میں ہوئے ایک بم دھماکہ میں ایک افغان صحافی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جسے عرصہ دراز سے موت کی دھمکیاں دی جارہی تھیں جبکہ مغربی صوبہ فراہ میں طالبان نے ایک چیک پوائنٹ کو نشانہ بناتے ہوئے 10 فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ عہدیداروں نے مزید بتایا کہ صوبہ فراہ میں ہی ایک مقامی عہدیدار کو چہارشنبہ کے روز اس کے مکان کے باہر گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ یاد رہے کہ جنگ زدہ افغانستان میں حملے کا یہ تازہ ترین واقعہ تھا جبکہ دوسری طرف قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان اور امریکہ کے درمیان بات چیت کا ایک اور مرحلہ مکمل ہونے والا ہے جس کے بارے میں فریقین نے مثبت رپورٹس دی ہے۔ ریڈیو اور ٹی وی صحافی نثار احمد احمدی اس وقت زخمی ہوگئے جب ان کی کار میں نصب کیا گیا ایک بم دھماکہ سے پھٹ گیا۔ اس وقت موصوف ہلمند صوبہ میں اپنے مکان سے اپنی ڈیوٹی پر جارہے تھے۔ دریں اثناء گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بتایا کہ حملہ صوبہ کے دارالحکومت لشکر گاہ میں رونما ہوا۔ احمد کا پیر شدید طور پر زخمی ہوگیا تھا لہذا ان کے بہتر علاج کیلئے انہیں کابل کے ایک ہاسپٹل کو منتقل کیا گیا ہے۔ احمد ’’صباحون‘‘ کے نام سے ایک ریڈیو اسٹیشن چلاتے ہیں جبکہ ہلمند میں وہ ’’صباحون‘‘ ٹی وی کیلئے رپورٹر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیئے ہیں۔ اب تک ان حملوں کی کسی بھی فرد یا تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔