بمراہ ٹی20اور سندر ونڈے سیریزسے بھی باہر

لندن۔یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے اہم فاسٹ بولرجسپریت بمراہ بائیں ہاتھ کا انگوٹھا زخمی ہونے کے سبب انگلینڈ کے خلاف3 جولائی کو شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹونٹی 20 مقابلوں کی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ آف اسپنر واشنگٹن سندر ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف ٹی20 اور ونڈے سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔بمراہ کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ دوسرے میچ میں انہیں آرام دیا گیا تھا۔ ہندوستانی ٹی20 ٹیم میں بمراہ کی جگہ دیپک چاہر کو شامل کیا گیا ہے ۔ چاہر اس وقت ہندوستان اے ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں ہیں۔ ہندوستان اے ٹیم انگلینڈ میں سہ رخی ونڈے سیریز کے فائنل میں انگلینڈ اے کے خلاف دو جولائی کو لندن میں مدمقابل ہوگی، اس کے بعد چاہر ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوجائیں گے ۔بمراہ کے12 جولائی سے انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ونڈے سیریز کے لئے دستیاب رہنے کی امید ہے ۔ ہندوستان کے پاس بمراہ کی غیر موجودگی میں بھونیشور کمار، امیش یادو، ہاردک پانڈیا اور سدھارتھ گول شامل ہیں۔اس دوران آف اسپنر واشنگٹن سندرگزشتہ ہفتے کے شروع میں ٹریننگ کے دوران ٹخنے میں چوٹ لگنے کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف ٹی20 اور ونڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ سندرکو ٹریننگ کے دوران فٹبال کھیلتے وقت ان کا پیر فٹبال پر پڑگیا تھا۔ٹی 20 ٹیم میں سندر کی جگہ کرونال پانڈیا اور ونڈے ٹیم میں بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پیٹل لیں گے۔ دونوں اس وقت ہندوستان اے کے ساتھ انگلینڈ میں موجود ہیں۔