بمراہ، کلدیپ، امیش کو آخری ٹی20 میں آرام

نئی دہلی ۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو اور امیش یادو کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اتوارکو چینائی میں ہونے والے سیریز کے آخری ٹوئنٹی20 میچ میں ہندستانی کرکٹ ٹیم سے آرام دیا گیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے اعلان کیاکہ تینوں بولروں کو آسٹریلیا کے آئندہ دورے کو ذہن میں رکھتے ہوئے آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ بالکل فٹ رہ سکیں۔ سلیکٹرز نے فاسٹ بولر سدھارتھ کول کو آخری ٹوئنٹی20 میں ٹیم کا حصہ بنایا ہے ۔ہندستان نے پہلے دو میچ جیت کر 2-0 سے پہلے ہی سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے ۔ بمراہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں میں بھی آرام دیا گیا تھا لیکن سیریز کے آخری تین میچوں میں کھیلے تھے ۔ بمراہ نے دو ٹوئنٹی 20 میچوں میں تین وکٹ لئے اور آٹھ اوورز میں صرف47 رنز دیے ۔ امیش نے پہلا ہی ٹوئنٹی20 میچ کھیلا تھا اور چار اوورز میں36 رنز پر ایک وکٹ حاصل کی وہ ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں ٹیم کا حصہ تھے ۔کلدیپ کو بھی پہلے ون ڈے میں آرام دیا گیا تھا لیکن باقی چار میچوں میں وہ کھیلے تھے ۔آخری میچ کے لیے ٹیم میں شامل سدھارتھ نے اب تک ہندستانی ٹیم کے لیے تین ون ڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچ ہی کھیلے ہیں۔ وہ ستمبر میں ہندوستان کے کیلئے ایشیا کپ میں کھیلے تھے ۔ سدھارتھ کے علاوہ بھونیشور کمار، خلیل احمد دیگر فاسٹ بولر ہیں۔ٹیم اس طرح ہے :روہت شرما (کپتان)، شکھر دھون، لوکیش راہل، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، منیش پانڈے ، شریس ایر، رشبھ پنت، کرنال پانڈیا، واشنگٹن سندر ، یجویندر چہل، بھونیشور کمار، خلیل احمد، شہباز ندیم، سدھارتھ کول۔