بمراہ،تھامسن جیسے بولر :للی

ملبورن ۔21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر ڈینس للی نے ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی دل کھول کر تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان کا یہ بولر عام طور پر کی جانے والی فاسٹ بولنگ کے معنی سے ہٹ کر ہے۔ بمراہ اس وقت آسٹریلیا کے دورہ پر ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں اور انہوں نے وہاں شاندار بولنگ کی ہے۔ للی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ بمراہ دلچسپ بولر ہیں۔ وہ کافی شارٹ رن اپ کے ساتھ آتے ہیں۔ وہ پہلے چلتے ہیں اور پھر شارٹ رن اپ سے بولنگ کرتے ہیں۔ ان کے ہاتھ سیدھے رہتے ہیں۔ ان کی بولنگ کسی بھی کتاب میں نہیں سکھائی جاسکتی ، اس لئے وہ مجھے اپنے وقت کے ایک اور بولر کی یاد دلاتے ہیں ، جو ہم سبھی سے الگ تھے ، وہ ہیں جیف تھامسن۔ للی نے آنند بازار میگزین کو دئے ایک انٹرویو میں کہا وہ حالانکہ تھامسن کی طرح تیز نہیں ہیں لیکن ان سے اس طرح سے ملتے جلتے ہیں کہ یہ دونوں دیگر بولروں سے ہٹ کر بولنگ کرتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بمراہ نے پہلے دو ٹسٹ میچوں میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ گیارہ وکٹیں لی ہیں۔ دوسرے ٹسٹ میں چار فاسٹ بولروں کے ساتھ اترنے کے ہندوستان کے فیصلہ پر للی نے کہا کہ ہندوستان سے اس وقت اچھے فاسٹ بولرس سامنے آرہے ہیں جن میں بمرا اور بھونشور کمار محدود اوورس کی کرکٹ میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔