بلیک میل کی شکار لڑکی کی شکایت پر پولیس میں مقدمہ درج

لڑکی اور افراد خاندان کیخلاف گھر میں زبردستی داخل ہونے اور دھمکی کی شکایت
حیدرآباد۔/13 جون، ( سیاست نیوز) سوشیل میڈیا کے ذریعہ لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کے کیس میں گرفتار کئے گئے میور پان شاپ کے مالک کے مکان میں زبردستی داخل ہونے اور مجرمانہ انداز میں ڈرانے و دھمکانے کے الزام میں بوئن پلی پولیس نے لڑکی سونو شرما اور اس کے دیگر افراد خاندان کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ بوئن پلی پولیس کے بموجب کاچیگوڑہ کی ساکن سونو شرما اور اس کے دیگر افراد خاندان مئی کے مہینہ سے میور پان شاپ کے مالک اوپیندر ورما کے مکان پہنچ کر اس کی بیوی پریتی ورما کو طلاق دینے اور اس سے شادی کرنے کیلئے اصرار کیا اور انکار پر اس کے مکان میں داخل ہوکر وہاں پر ہنگامہ آرائی کی۔ پولیس نے پریتی ورما کی شکایت حاصل کرنے کے بعد علاقہ اور مکان میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا جس میں یہ معلوم ہوا کہ سونو شرما اس کی ماں الکا شرما اور سری ہری نے مکان میں زبردستی داخل ہوکر رقم کا بھی مطالبہ کیا۔ اس ضمن میں پولیس بوئن پلی نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ملزمین کو سی آر پی کی دفعہ 41کے تحت نوٹس جاری کیا۔ بوئن پلی پولیس نے اس بات کی وضاحت کی کہ کاچی گوڑہ پولیس اسٹیشن میں میور پان شاپ مالک اوپیندر ورما کے خلاف درج شدہ مقدمہ سے اس مقدمہ کا کوئی تعلق نہیں اور پولیس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔