بلیٹ پروف جیکٹس کی گجرات ایف ایس ایل میں بالسٹک ٹسٹنگ

گاندھی نگر ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دفاعی عہدیداروں کو جلد ہی گجرات سے بالسٹک تحفظ حاصل ہوگا کیوں کہ فارنسک سائنس لیبارٹری (FSL) ہندوستانی افواج کی جانب سے استعمال کئے جانے والے بلیٹ پروف جیاکٹس اور ہیلمٹس کی افادیت کا ٹسٹ کرے گی ۔ دریں اثناء گجرات فارنسک سائنس لیبارٹری ( FSL ) کے ڈائرکٹر جے ایم ویاس نے میڈیا کو بتایا کہ گجرات ایف ایس ایل جلد ہی ہندوستانی فوج کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کر کے اُس سے مربوط ہوجائیگی اور افواج کے اسلحہ خانے جیسے بلیٹ پروف جیاکٹس اور ہیلمٹس جنہیں امریکہ کی ایک ملٹی نیشنل کمپنی تیار کرتی ہے اور جن کا استعمال دنیا بھر کی افواج اور پولیس اہلکار کرتے ہیں اس اسلحہ خانے کی آزمائش کی جائے گی ۔ مسٹر ویاس کا کہنا ہے کہ ہندوستانی افواج کو گجرات ایف ایس ایل پر پورا پورا اعتماد ہے کیوں کہ یہ ٹسٹنگ شفافیت پر مبنی اور کافی مہنگی نوعیت کی ہوگی ۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب ہم کسی بھی بالسٹک ٹسٹ کا انعقاد کرتے ہیں تو اسے ہمارے گاہکوں کو ایک بلیٹ پروف شیشہ کے ذریعہ دکھایا جاتا ہے تاکہ اعتماد بنا رہے ۔ قبل ازیں ہندوستانی افواج نے اپنے اسلحہ خانے کے ٹسٹ کے لیے چندی گڑھ کی ایک فارنسک سائنس لیبارٹری کا انتخاب کیا تھا ۔ بلیٹ پروف جیاکٹس اور ہیلمٹس کی بالسٹک ٹسٹنگ کے لیے ہندوستانی افواج کو فی یونٹ 15000 روپئے کے مصارف برداشت کرنے پڑیں گے جو بین الاقوامی شرحوں کے کہیں زیادہ بہتر ہیں ۔ اگر کسی بیرون ملک لیبارٹری میں بالسٹک ٹسٹ منعقد کئے جائیں تو یہی مصارف کروڑوں روپئے میں ہوں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ بالسٹک ریسرچ سنٹر فی الحال زیر تعمیر ہے اور آئندہ ماہ سے قابل استعمال ہوجائے گا ۔ اس کے بعد ایف ایس ایل اسلحہ خانوں سے مربوط بکتر بند گاڑیوں کا ٹسٹ بھی کرے گا ۔۔