بلڈوزر پہلے میرے اوپر چڑھایا جائے: راہول گاندھی

نئی دہلی 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج جنوبی دہلی میں رنگ پور پہاڑی سلم بستی کا دورہ کیا ۔ جہاں چند دن قبل کئی جھونپڑیوں کو منہدم کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے مرکز کو خبردار کیا کہ اس بار وہ انہدامی کارروائی میں کامیاب ہوگئے لیکن اس علاقہ میں دوبارہ بلڈوزر لایا گیا تو پہلے اسے اُن کے اوپر سے گذرنا ہوگا ۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر غریب عوام کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یہ موسم سرما ہے اور حکومت غریب عوام کو اُن کے گھروں سے بے گھر کررہی ہے ۔ راہول گاندھی کے دورہ کی وجہ سے یہاں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی تھی کیونکہ لوگ اپنی تکالیف سنانے کیلئے امڈ آئے اور وہ ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے تھے ۔بتایا جاتا ہے کہ حکومت دہلی نے منگل کی صبح تقریبا 900 جھونپڑیوں کو جو مبینہ طور پر جنگلات کی زمین پر بنائی گئی تھیں منہدم کردیا ۔