بلوچ گروپ کا گیس پائپ لائن میں دھماکہ

لاہور ، 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں اتوار کی رات دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں تین گیس پائپ لائنوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ اِن دھماکوں کے بعد پنجاب کے بیشتر شہروں کو گیس کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ ان لائنوں سے رحیم یارخان، ملتان، بہاولپور، لاہور اور فیصل آباد کو گیس فراہم کی جاتی ہے۔ صوبہ سندھ اور بلوچستان سے آنے والی یہ تینوں گیس پائپ لائنیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکوں میں ایک خاتون ہلاک جبکہ قریب موجود کئی مویشی بھی مارے گئے۔ سوئی ناردرن ذرائع کے مطابق گیس پائپ لائنوں میں دھماکوں سے تباہی ممنوعہ بلوچ ریپبلکن آرمی کی طرف سے دہشت گردی کا واقعہ ہے، جن میں ’انتہائی منصوبہ بندی کے ساتھ‘ گیس کی تین پائپ لائنوں کو اڑایا گیا ہے۔ تباہ ہونے والی گیس لائنیں 16، 18 اور 24 انچ قطر کی بتائی جاتی ہیں۔ ادھر ’ڈی پی او‘ رحیم یار خان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے گیس کی پائپ لائنوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا۔ جبکہ پائپ لائنوں سے گیس کے اخراج کے باعث آگ پر قابو پانے کے کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ سوئی ناردرن کے منتظم اعلیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ ملک میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہو گیا ہے اور لائنوں کی مرمت کے کام میں 24 سے 36 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ دھماکوں کے بعد اطراف کی بستیاں خالی کرا لی گئیں، جس کے نتیجے میں علاقہ کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
چین میں برڈفلو سے ایک اور موت
بیجنگ ، 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی صوبہ انہوئی میں H7N9 وائرس انفکشن کے سبب ایک 56 سالہ شخص فوت ہوگیا جس سے اس سال H7N9 برڈ فلو سے اموات کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔ مقامی حکام نے کہا کہ لنقوان کاؤنٹی کے متوطن شخص کی موت کے بعد توثیق کی گئی کہ وہ برڈفلو وائرس کا شکار ہوا۔