بلوچستان سے پانچ طالبان عسکریت پسند گرفتار

اسلام آباد ۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سیکوریٹی فورسیس نے آج جنوب مغربی بلوچستان صوبہ میں ایک دھاوے کے دوران پانچ طالبان عسکریت پسندوں بشمول ایک اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا۔ صوبہ کے دارالخلافہ کوئٹہ میں کوچ لال علاقہ میں دھاوے کئے گئے تھے کیونکہ سیکوریٹی فورسیس کو عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے قبضہ سے ہتھیار بھی برآمد ہوئے۔ دریں اثناء ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ تمام گرفتار شدہ عسکریت پسندوں کو پوچھ گچھ کیلئے ایک نامعلوم مقام روانہ کیا گیا ہے۔ پولیس عہدیدار نے عسکریت پسندوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ پشاور کے ملٹری اسکول میں طالبان کے حملے کے بعد جہاں درجنوں اسکولی طلباء کاقتل عام کیا گیا تھا، حکومت طالبان کے خلاف سخت کارروائیوں کا عزم کرچکی ہے اور یہ دھاوے اسی بات کا ثبوت ہیں۔ گذشتہ ہفتہ ہوئے اس وحشتناک حملے کے بعد ملک کے کئی حصوں سے سینکڑوں عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔