بلند حوصلہ میزبان حیدرآباد کا آج بنگلور سے اہم مقابل

حیدرآباد ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بلند حوصلہ سن رائیزرس حیدرآباد یہی چاہیں گے کہ اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رہے تاکہ پلے آف مرحلے میں اُن کی جگہ یقینی ہوجائے جبکہ وہ کل یہاں سے قریب اُپل میں مقررہ ایک اہم آئی پی ایل میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور کا سامنا کرنے جارہے ہیں جو جیت کیلئے ان جیسے ہی بے قرار ہیں۔ ڈیوڈ وارنر زیرقیادت ٹیم جاریہ ٹورنمنٹ کے اختتامی مرحلہ میں بہت اچھا کھیل رہی ہے جیسا کہ وہ لگاتار تین مقابلے جیت کر قطعی چار میں شامل ہونے کی دوڑ میں آچکے ہیں۔ دوسری طرف آر سی بی اگرچہ پوائنٹس ٹیبل میں نچلے مقام پر موجود کنگس الیون پنجاب کے خلاف کل رات بارش کی وجہ سے مختصر میچ میں اپنی ناکامی کے بعد خود سے کافی برہم ہیں لیکن ویراٹ کوہلی کی ٹیم 12 مقابلوں سے چھ کامیابیوں کے ساتھ پلے آف کی دوڑ میں پوری طرح شامل ہے۔ ایس آر ایچ نے 7 کامیابیاں اور پانچ ناکامیابیاں درج کرائی ہیں۔ انھیں گزشتہ ہفتے راجستھان رائلز کے خلاف اچھا ردھم حاصل ہوا جس میں ٹاپ آرڈر نے شاندار کارکردگی کے ذریعہ ٹیم اسکور کو 200 کے آگے تک پہونچایا تھا ۔ حیدرآباد کی ٹیم جس پر آرینج کیاپ ہولڈر وارنر اور لیفٹ ہینڈ اوپنر شکھر دھون ، موئزیس ہنریکس ، اوئن مورگن پر حد سے زیادہ انحصار کا الزام لگتارہا ہے

لیکن حالیہ مقابلوں میں اس ٹیم نے مجموعی کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے چند فیصلہ کن فتوحات درج کرائے ہیں۔ آسٹریلیائی آل راؤنڈر ہنریکس نے نہ صرف بیاٹ بلکہ گیند کے ذریعہ بھی اپنی ٹیم کیلئے اچھا رول نبھایا ہے۔ تاہم آر سی بی کو کبھی بھی کمتر نہیں سمجھا جاسکتا جس کے پاس کرس گیل جیسے خطرناک اوپنر ہیں جو کسی بھی دن اپوزیشن کو پست کرسکتے ہیں۔ ان کے علاوہ وجئے مالیا کی ملکیت والی یہ ٹیم اے بی ڈی ولیرس ، مچل اسٹارک اور خود ہندوستانی اسٹار کوہلی جیسے کھلاڑی اپنی صفوں میں رکھتی ہے ۔ ڈی ولیرس نے اس ہفتے کے اوائل ممبئی انڈینس کی بولنگ کو خوب پیٹا اور 133 ناٹ آؤٹ اسکور کئے ۔ حیدرآباد اور آر سی بی کا باہمی ٹریک ریکارڈ دیکھیں تو ایس آر ایچ کو 3-2 کی برتری حاصل ہے ۔ ٹام موڈی کی کوچنگ والی حیدرآبادی ٹیم 13 اپریل کو رواں سیزن کے اپنے پہلے میچ میں بنگلور کی ٹیم کو ہراچکی ہے ۔ حیدرآباد کی بولنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے نمایاں کردار ادا کیا ہے جن کا ساتھ ہندوستان کے بھونیشور کمار اور پروین کمار نے بخوبی نبھایا ہے ۔ ٹورنمنٹ میں ٹھیک وقت پر اپنے جوہر دکھانے والی حیدرآبادی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں غیرمتوقع ٹیم نظر آئی ہے جو اُمیدوں کے برخلاف قطعی مرحلے کے دوران بہت اچھا کھیل رہی ہے ۔ اب دیکھنا ہے وارنر اور کوہلی کی قیادت میں کون سی ٹیم بازی لے جاتی ہے ۔