مودی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں پر عوام نے قبولیت کی مہر لگادی ، صدر بی جے پی کا دعویٰ
نئی دہلی۔ 2 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ کا کہنا ہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں پارٹی کو ملی شاندار جیت 2020 ء میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگی۔ امیت شاہ آج یہاں میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے نو منتخب کونسلر، سابق کونسلر اور پارٹی رہنماؤں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بی جے پی کو جیت دلانے کے لئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی کوششوں اور محنت کی وجہ سے ہی اس بار پارٹی کارپوریشن میں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت لے کر آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس جیت نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ترقیاتی پالیسیوں پر ایک طرح سے مہر لگائی ہے ۔ پارٹی کو اتراکھنڈ اور اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات اور بعد میں دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ملی جیت نے دراصل منفی سوچ رکھنے والے لیڈروں کو سبق سکھایا ہے ۔ اس سے ان لیڈروں پر بھی روک لگی ہے جو انتشارپھیلا رہے تھے ۔بی جے پی صدر نے اس موقع پر آگے کی انتخابی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن انتخابات میں ملی شاندار فتح سے پارٹی کی ذمہ داری اوربڑھ گئی ہے ۔ پارٹی کو اب دہلی اسمبلی کا الیکشن جیتنا ہے ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی پر انہوں نے کہا کہ یہ دہلی کے تخت پر بیٹھی عام آدمی پارٹی حکومت کے لئے ایک قسم کی یاد دہانی ہے کہ دہلی میں بی جے پی کی عوامی حمایت مسلسل بڑھ رہی ہے ۔