حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی (سیاست نیوز) جیڈی میٹلہ پولیس نے قطب اللہ پور سرکل عہدیداروں کے خلاف دھوکہ دہی اور فنڈز کی ہیرا پھیری کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ انسپکٹر جیڈی میٹلہ مسٹر چندر شیکھر نے بتایا کہ بلدیہ کے اعلیٰ عہدیدار کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق بلدیہ کے عہدیداروں نے زونل کمیشن آفس میں ریکارڈز کی ہیری پھیری ، فرضی دستخط اور جعلی دستاویزات پیش کرتے ہوئے تقریباً 52 لاکھ روپئے بلدیہ کے کھاتے سے نکال لئے۔ اس معاملہ میں ایسے کاموں کیلئے رقم نکالی گئی جو نہ تکمیل کئے گئے اور نہ ہی ان کا کہیں بھی ذکر نہیں ہے ۔ پولیس نے تین عہدیداروں کے خلاف شکایت درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔