وظائف اور مٹن مارکٹ مسئلہ پر زبردست مباحث
کلوا کرتی /30 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلوا کرتی بلدیہ کا اجلاس آج منعقد ہوا، جس میں کانگریس، وائی ایس آر کانگریس، بی جے پی، ٹی آر ایس اور مجلس کے کونسلرس موجود تھے۔ اجلاس میں مختلف امور پر بحث ہوئی اور تقریباً 35 ایجنڈے نکات منظور کئے گئے، جس میں سے سڑک، ملگیات، مسلخ کی تعمیر، شاہراہوں میں اضافہ، الکٹریشین اور اخبارات کے بلس کے علاوہ دیگر مسائل پر مباحث کے بعد منظوری عمل میں آئی۔ اس دوران جب وظائف کا مسئلہ آیا تو ٹی آر ایس اور مجلس نے اس کی مخالفت کی۔ واضح رہے کہ کلوا کرتی میں تقریباً 40 فیصد ہی منظوری عمل میں آئی ہے۔ ٹی آر ایس نے بتایا کہ وارڈس میں کونسلرس کی اطلاع کے بغیر کام کرنے کے سبب یہ حالات ہوئے ہیں۔ اس دوران کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ شروع میں موت کا سرٹیفکٹ نہ ہونے پر بھی وظیفہ کی منظوری عمل میں لائی جاتی تھی، لیکن اب بغیر سرٹیفکٹ کے یہ منظوری عمل میں نہیں آرہی ہے، لہذا جن لوگوں کے پاس سرٹیفکٹ نہیں ہے بلدیہ ان کو سرٹیفکٹ دینے کے لئے تیار ہے۔ اس کے بعد حالیہ مٹن مارکٹ کے مسئلہ پر بحث ہوئی۔ چیرمین، وائس چیرمین اور کونسلرس کے مشاہروں میں اضافہ کے لئے ایک قرارداد منظور کی گئی، جب کہ کلوا کرتی مٹن مارکٹ کے تمام تاجرین کو جگہ کی فراہمی، عصری آلات سے لیس جدید مسلخ بنانے اور ڈاکٹر کی منظوری کے بعد جانور ذبح کرنے کا پابند بنانے کی منظوری عمل میں آئی۔ اس موقع پر کونسلرس نے شکایت کی کہ بلدیہ کا عملہ صحیح طریقے سے کام نہیں کر رہا ہے۔ شہر میں کئی مقامات پر لائٹس کی عدم موجودگی، بلدیہ عملہ کا عوام سے رقم کا مطالبہ اور کسی کو خاطر میں نہ لانے کی شکایت کی گئی۔ اس موقع پر کونسلرس نے ان کے علم میں لائے بغیر ان کے علاقوں میں کاموں کی شکایت کی اور آئندہ تمام کو ساتھ لے کر کام کرنے کی خواہش کی۔ جس پر چیرمین نے ایسا کام کبھی نہ ہونے کا تیقن دیا۔