بلدیہ نارائن پیٹ کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر

پارک کیلئے مختص اراضی پر اسکول بنانے کیلئے متضاد رائے

نارائن پیٹ۔ 2 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ نارائن پیٹ کا ماہانہ عمومی اجلاس صدرنشین بلدیہ شریمتی انسویا چندر کانت کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمشنر بلدیہ مسٹر سید عابد اور دیگر بلدی عہدیدار، ارکان معاون ارکان و نائب صدرنشین نندو ناموجی ایڈوکیٹ نے شرکت کی۔ بلدیہ کا اجلاس وارڈ نمبر 16 میں پارک کیلئے مختص کی گئی اراضی پر اسکول بنانے کے متعلق متضاد رائے پر ہنگامہ آرائی بحث و مباحث کی نذر ہوگیا۔ وارڈ نمبر 16 کے متعلقہ رکن بلدیہ جناب محمد امیرالدین نے میونسپل پارک کیلئے مختص کی گئی اراضی پر اسکول بنانے کیلئے ایجنڈہ پیش کرنے پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسکول اور تعلیم کے خلاف نہیں ہے۔ اسکول کے لئے دوسری سرکاری اراضی بھی دی جاسکتی ہے۔ پارک کے لئے مختص کی گئی اراضی پر صرف پارک ہی بنانا چاہئے۔ ٹی آر ایس کونسلر مسٹر ماروتی نے کہا کہ پی ایچ ای ایس اسکول کی عمارت مخدوش ہوچکی ہے چنانچہ اسکول کی تعمیر کے لئے پارک کی جگہ دی جانی چاہئے۔ مجلس کے رکن بلدیہ جناب محمد تقی چاند نے مسٹر ماروتی کی تائید کی۔ بی جے پی ارکان نے بھی اسکول کے لئے اپنی تائید کا اعلان کیا۔ گڑبڑ اس وقت شروع ہوئی جب متعلقہ کونسلر وارڈ نمبر 16 جناب محمد امیرالدین نے کہا کہ اگر کونسل اس کو منظور دیتی ہے تو وہ عدالت اور حکومت سے رجوع ہوں گے۔ انہوں نے مجلسی ارکان پر ریمارک کئے کہ وہ اگر اقلیتوں کی تائید سے کامیاب ہوئے ہیں تو وہ اقلیتوں کے مسائل کو کونسل میں اٹھائیں اور کسی اقلیتی تعلیمی ادارے کے لئے اراضی کی مانگ کریں، بجائے اس کے وہ بی جے پی کی تائید کررہی ہیں۔ اس ریمارک پر کافی ہنگامہ ہوا اور کونسل کے ارکان نے ان کے ان ریمارک کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ بالآخر کونسل میں اسکول کے لئے اراضی دینے کے ایجنڈہ کو منظوری دی گئی۔ قبل ازیں جناب محمد تاج الدین معاون رکن نے ماہ رمضان میں برقی، پانی اور صفائی جیسے بنیادی مسائل کو قبل از وقت حل کرنے کا صدرنشین سے مطالبہ کیا۔
ضلع نیلور کا پنچایت سیکریٹری کو رشوت لیتے ہوئے اے سی بی نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا
حیدرآباد۔ 2 جون (سیاست نیوز) ڈائریکٹر جنرل اے سی بی آندھرا پردیش حیدرآباد کی اطلاع کے بموجب ضلع نیلور کا پنچایت سیکریٹری ایک شخص سے سات ہزار پانچ سو روپئے رشوت لیتے ہوئے اے سی بی کے عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ رقم بھی اس کے قبضہ سے برآمد کرلی گئی اور نیلور کی

عدالت کی تحویل میں دے دیا گیا۔
ٹاؤن پلاننگ سوپر وائزر قاضی پیٹھ اے سی بی کی جال میں
حیدرآباد۔ 2 جون (سیاست نیوز) ڈائریکٹر جنرل اے سی بی ریاست تلنگانہ کی اطلاع کے بموجب قاضی پیٹھ کے ٹاؤن پلاننگ سوپر وائزر سرکل II کو ہنمکنڈہ کے محلے نعیم نگر کے رہنے والے پوپالہ راجنی کانت سے 20 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اس نے یہ رقم مکان کی تعمیر کی اجازت دینے کے سلسلے میں طلب کی تھی۔