نارائن پیٹ ۔ 3 ۔ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس بلدیہ نارائن پیٹ کے صدرنشین کے طور پر بی جے پی کی شریمتی انسویا گندے چندرا کانت کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا جبکہ نائب صدرنشین کے عہدے کیلئے بی جے پی ہی کے مسٹر نندو ناموجی ایڈوکیٹ بلامقابلہ منتخب ہوئے ۔ نارائن پیٹ مجلس بلدیہ کی نو منتخبہ کونسل کا آج بلدیہ کے کونسل ہال میں ٹھیک گیارہ بجے اجلاس منعقد ہوا ۔ جس کی نگرانی الیکشن آفیسر و اسپیشل آفیسر بلدیہ انچارج آر ڈی او نارائن پیٹ نے کی ۔ اجلاس میں کمشنر بلدیہ انچارج مسٹر گنگادھر ، انجینئر بلدیہ مسٹر خواجہ حسین کے علاوہ بلدی عہدیدار موجود تھے ، اجلاس کے آغاز میں کونسل کے تمام 23 ارکان کی حلف برداری ہوئی ۔ چار مسلم ارکان نے اردو میں خدا کے نام پر حلف لیا ۔ ایک رکن نے ہندی میں اور ایک رکن نے انگریزی میں حلف لیا ۔ باقی تمام نے تلگو میں حلف لیا ۔ حلف برداری کے صرف پانچ منٹ کے وقفہ کے بعد انتخابی عمل کا آغاز عمل میں آیا ، پہلے چیرمین ( صدرنشین ) کیلئے بی جے پی کے امیدوار شریمتی انسویا کا نام مسٹر راگھو رامیا گوڑ ، کونسلر وارڈ نمبر 9 نے پیش کیا جس کی تائید مسٹر شیوراج ، کونسلر وارڈ نمبر 1 نے کی ، ان کے مقابلے میں کسی اور کا نام پیش نہ کئے جانے پر شریمتی انسویا گندے چندر کانت کو بلامقابلہ صدرنشین کے باوقار عہدہ کیلئے منتخب قرار دیا گیا ، اسی طرح نائب صدرنشین کے عہدے کیلئے بی جے پی کے امیدوار مسٹر نندوناموجی ایڈوکیٹ کا نام مسٹر پوشل ونود ، کونسلر وارڈ نمبر 6 نے پیش کیا اور شریمتی سوجوتا کونسلر وارڈ نمبر 13 نے تائید کی ۔ ان کے مقابلے میں دوسرے کسی نام کے پیش نہ کئے جانے کی صورت میں مسٹر نندو ناموجی ایڈوکیٹ کو بلامقابلہ نائب صدرنشین عہد کیلئے منتخب قرار دیا گیا ۔ کانگریس پارٹی کے تین ارکان نے انتخابی عمل کے دوران واک آوٹ کیا ۔ نارائن پیٹ کی 23 رکنی کونسل میں 12 بی جے پی ، تین کانگریس ، 3 ٹی ڈی پی ، 2 ٹی آر ایس ، 2 مجلس اور ایک آزاد رکن ہے ۔ صرف ایک گھنٹے کے اجلاس میں حلف برادری اور صدرنشین و نائب صدرنشین کا انتخاب عمل میں آیا ۔