بلدیہ محبوب نگر کا اجلاس ، گرماگرم مباحث

مشن بھگیرتا کے کاموں میں تساہلی پر کنٹراکٹرس کو چیرپرسن رادھا امر کا انتباہ

محبوب نگر۔ 7 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر بلدیہ کا اجلاس گرماگرم مباحث کے ساتھ شروع ہوا۔ چہارشنبہ کے دن میونسپل چیرپرسن رادھا امر کی صدارت میں گولڈن جوبلی ہال میں منعقدہ اجلاس میں آغاز پر ہی کئی ایک کونسلرس نے مختلف نکات پر بحث شروع کردی۔ ایجنڈہ کے نکات پر بحث ابھی شروع نہیں ہوئی تھی۔ کونسلرس کا کہنا تھا کہ گزشتہ اجلاسوں میں منظورہ قراردادوں پر عمل آوری میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے۔ اس مسئلہ کو لے کر خود نائب صدرنشین راملو نے بھی برہمی ظاہر کی۔ بی کلپنا نے ایس وی ایس ہاسپٹل کے قریب سروے نمبر 26 پر قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کی شکایت کی اور کہا کہ لے آؤٹ کی منظوری کے بغیر تعمیر کرلی گئی اور اب لے آؤٹ منظوری کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ بس اسٹانڈ سے متصل ریوا ہوٹل کامپلیکس جو بلدیہ کی ملکیت ہے اور 2015ء میں اس کا معاہدہ ختم ہوگیا، لیکن اب تک خالی کیوں نہیں کروایا گیا۔ لکشمن یادو اور نائب صدرنشین بلدیہ نے کمشنر اور چیرپرسن سے استفسار کیا کہ ریوا ہوٹل پر بغیر اجازت غیرمجاز تعمیر کو بھی رکوا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کلاک ٹاور نیو ٹاؤن اور ٹی ڈی گٹہ میں واقع بلدیہ کی ملگیات جن کا معاہدہ ختم ہوچکا ہے ، فوری تخلیہ کروایا جائے۔ چیرپرسن رادھا امر نے کہا کہ مارچ کے ختم تک مشن بھگیرتا کے تحت نلوں سے پانی سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کنٹراکٹرس کو انتباہ دیا کہ بروقت کام مکمل کرلیں، بصورت دیگر ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کردیا جائے گا۔ ایجنڈہ میں شامل تمام نکات کو اجلاس میں منظوری دے دی گئی۔