مختلف مسائل پر مباحث، لاکھوں روپئے کے ترقیاتی کاموں کو منظوری
ظہیرآباد۔یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر نشین بلدیہ ظہیرآباد شریمتی چنوری لاونیا کی زیر صدارت منعقدہ بلدی اجلاس میں مباحث کے بعد لاکھوں روپئے کے ترقیاتی کاموں کو منظوری دے دی گئی۔ 43 کے منجملہ 42 ٹنڈرس کو منظور کرلیا گیا جبکہ ایک ٹنڈر کو معرض التواء میں رکھا گیا۔ ایجنڈہ میں شامل دیگر 42 نکات کو بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اس وقت تلخ کلامی کا تبادلہ عمل میں آیا جبکہ معاون رکن بلدیہ محمد لقمان، پیش کردہ ایجنڈہ پر جاری مباحث میں حصہ لینے پر اصرار کررہے تھے۔ جبکہ اجلاس میں شریک تمام اراکین بلدیہ اس کی مخالفت یہ استدلال پیش کرتے ہوئے کررہے تھے کہ معاون رکن بلدیہ جاری مباحث میں حصہ نہیں لے سکتے اور یہ کہ وہ اسی وقت اپنی رائے کا اظہار کرسکتے ہیں جبکہ انہیں کرسی صدارت اس کی اجازت دے۔ اس موقع پر سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے معاون بلدیہ اجلاس سے باہر چلے گئے بعد ازاں ایجنڈہ میں شامل 85 کے منجملہ 84 نکات کو منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں بلدی حدود خاص کر عوامی مقامات پر فلیکسی و پلاسٹک کے استعمال کے علاوہ مجسموں کی تعمیر پر پابندی عائد کرنے سے متعلق ڈائرکٹر بلدی نظم و نسق حیدرآباد کے جاری کردہ احکامات کی عمل آوری کو بھی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں دفتر بلدیہ کے روبرو سی سی روڈ کی تعمیر کے لئے 8,00000 روپئے 14ویں فینانس کمیشن فنڈ سے خرچ کرنے، وارڈ نمبر 15 میں سی سی ڈرین کی تعمیر کیلئے 2,0000 روپئے، وارڈ نمبر 21میں منی ٹانکی کی تعمیر کیلئے 50000 روپئے، 24 بلدی حلقوں میں اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کیلئے 6,00000 روپئے، وارڈ نمبر 3 میں مسلخ کے قریب عوامی نل کی تنصیب کیلئے 29500 روپئے اور وارڈ نمبر 2میں پبلک نل کی تنصیب کیلئے 19500 روپئے بھی منظور کئے گئے۔ اجلاس میں ایک سال کے دوران منعقدہ 12 بلدی اجلاسوں میں پیش کردہ اردو ایجنڈہ پر عائد اخراجات کی ادائیگی کیلئے 24000 روپئے کے علاوہ دیپاولی و دسہرہ کے موقعوں پر کئے گئے روشنی کے انتظامات کی بل کی ادائیگی کیلئے بھی 55000 روپئے منظور کئے گئے۔ اجلاس میں دیگر کاموں کی انجام دہی کیلئے بھی رقمی منظوریاں دی گئیں۔ اجلاس میں اراکین بلدیہ محمد جہانگیر، نارائن ریڈی، طاہرہ بیگم ( کانگریس ) ، محمد یونس، عبداللہ ( تلگودیشم )، موتی رام، راملو، ستیا ( ٹی آر ایس ) اور محمد عمت پاشاہ نائب صدر نشین بلدیہ نے مباحث میں حصہ لیا۔