بلدیہ شادنگر پر کانگریس پارٹی کا پرچم

شادنگر ۔ 3 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شادنگر بلدیہ چیرمین اور وائس چیرمین کے عہدوں پر کانگریس پارٹی کونسلر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ شادنگر بلدیہ الیکشن آفیسر و آر ڈی او محبوب نگر ہنمنت ریڈی نے اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخاب کے متعقل تمام کونسلروں کو واقف کروایا۔ قبل ازیں شادنگر بلدیہ کے 23 وارڈس سے منتخب کونسلروں کو الیکشن آفیسر و آر ڈی او محبوب نگر ہنمنت ریڈی نے حلف دلایا۔ حلف برداری تقریب کے بعد الیکشن آفیسر ہنمنت ریڈی نے شادنگر بلدیہ چیرمین کی حیثیت سے وارڈ نمبر 13 کے کونسلر اگنوروشوم کے نام کا اعلان کیا۔ چیرمین بلدیہ شادنگر کیلئے کوئی اور دعویدار مقابلہ میں نہیں ہونے کی وجہ سے اجلاس میں موجود تمام کونسلروں نے چیرمین کی حیثیت سے اگنوروشوم کو بھرپور تائید کرتے ہوئے بلامقابلہ متفقہ طور پر منتخب کرلیا۔ بعدازاں وائس چیرمین بلدیہ شادنگر کی حیثیت سے وارڈ نمبر 3 کے کونسلر امیدوار شریمتی وی لاونیا کے نام کا اعلان کیا گیا۔ کوئی اور دعویدار مقابلہ میں نہیں ہونے کی وجہ سے تمام بلدیہ کونسلروں نے شریمتی وی لاونیا کو وائس چیرمین بلدیہ شادنگر کی حیثیت سے تمام کونسلروں نے متفقہ طور پر منتخب کرلیا۔ چیرمین بلدیہ شادنگر کی حیثیت سے اگنور وشوم اور وائس چیرمین بلدیہ شادنگر کی حیثیت سے شریمتی لاونیا کو الیکشن آفیسر و آر ڈی او محبوب نگر ہنمنت ریڈی نے سرٹیفکیٹ حوالے کیا۔ چیرمین امیدوار اگنور وشوم نے اپنے تائیدی کونسلروں کو ایک نامعلوم مقام پر لے جاکر کیمپ کئے ہوئے تھے۔ آج صبح ایک خصوصی بس کے ذریعہ اپنے تائیدی امیدوار کے ہمراہ شادنگر میونسپل آفس پہنچے۔ مانا جارہا تھا کہ چیرمین کیلئے اور ایک دعویدار مقابلہ کیلئے آئیں گے لیکن اجلاس میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ شادنگر بلدیہ کے 23 وارڈ کونسلروں میں 15 کانگریس، 6 آزاد امیدوار، ایک ٹی آر ایس اور ایک ایم آئی ایم کونسلر موجود تھے۔ تمام کونسلروں نے چیرمین اور وائس چیرمین کو بلامقابلہ متفقہ طور پر منتخب کرلیا۔ اجلاس کے اختتام پر نومنتخبہ چیرمین اگنوروشوم، وائس چیرمین شریمتی وی لاونیا اور دیگر کونسلروں کو شادنگر میونسپل کمشنر ویمناریڈی، شریمتی سجاتا منیجر بلدیہ اور دیگر عملہ کی جانب سے شال پوشی و گلپوشی کی گئی۔ چیرمین اور وائس چیرمین کے بلامقابلہ انتخاب کی اطلاع کے ساتھ سابقہ رکن اسمبلی شادنگر چولہ پلی پرتاپ ریڈی کانگریس پارٹی کارکنوں کے ہمراہ شادنگر بلدیہ آفس پہنچ کر نومنتخبہ چیرمین اگنور وشوم کی گلپوشی کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ سابقہ ایم ایل اے چولہ پلی پرتاپ ریڈی نے میڈیا نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شادنگر میونسپلٹی کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ شادنگر میونسپلٹی کو ماڈل میونسپلٹی میں تبدیل کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈ فراہم کرنے کے اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخاب میں تعاون کرنے والے تمام کونسلروں کا شکریہ ادا کیا۔ نومنتخبہ چیرمین اگنوروشوم نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس امید کے ساتھ امیدوار کونسلروں نے چیرمین منتخب کیا ہے، تمام کونسلروں کو ساتھ لیکر شادنگر بلدیہ کو ترقی کی سمت رواں دواں کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ شادنگر بلدیہ کو ماڈل بلدیہ میں تبدیل کرنے کی بھرپور کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ تمام کونسلروں نے نومنتخبہ چیرمین اور وائس چیرمین کو مبارکباد دی۔ بعدازاں نومنتخبہ چیرمین اگنوروشوم کی ایک زبردست جشن ریالی نکالی گئی جو شادنگر کے مختلف شاہراہوں سے گذری۔ جشن ریالی کے موقع پر جگہ جگہ چیرمین کا خیرمقدم کیا گیا۔