بلدیہ سنگاریڈی کی ترقی پر خصوصی توجہ: صدر نشین وجیہ لکشمی

سنگاریڈی /5 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وجیہ لکشمی صدر نشین بلدیہ سنگاریڈی گریڈ
I نے ایک سالہ میعاد کی تکمیل پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ سنگاریڈی کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ کچرے کی نکاسی، پینے کے پانی کی سربراہی، ڈرینج سسٹم کی صفائی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ محلہ جات سے عوامی شکایات پر فوری مسائل کی یکسوئی کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 9.33 کروڑ روپئے لاگتی ترقیاتی کام شہر سنگاریڈی میں انجام دیئے گئے ہیں، جن میں موریوں اور سڑکوں کے علاوہ اسٹریٹ لائٹ کے کھمبوں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے سال 2014ء 3 جولائی کو بحیثیت صدر نشین بلدیہ سنگاریڈی اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا تھا۔ تیرہویں فینانس کمیشن کے تحت سی ڈی ایف اور دیگر جنرل فنڈس کے تحت 9.33 کروڑ روپئے سے 307 کام شروع کئے گئے، جن میں 85 کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں، باقی ترقیاتی کام بتدریج مکمل کروائے جائیں گے۔ رکن اسمبلی چنتا پربھاکر کے تعاون سے بلدیہ سنگاریڈی کے 31 وارڈس میں سی سی روڈس، ڈرین اور دیگر کاموں کی تکمیل کی جا رہی ہے۔