بلدیہ سنگاریڈی پر کانگریس کا قبضہ برقرار

سنگاریڈی ۔ 3 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ سنگاریڈی کے عہدے چیرمین پر کانگریس پارٹی نے اپنا قبضہ برقرار رکھا اور کانگریس پارٹی امیدوارہ شریمتی ایم وجئے لکشمی روی مسلسل دوسری مرتبہ چیرمین بلدیہ سنگاریڈی منتخب ہوئی۔ دفتر مجلس بلدیہ سنگاریڈی کے میٹنگ ہال میں آج صبح چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخاب کیلئے خصوصی اجلاس مسٹر مدھوکر ریڈی آر ڈی او سنگاریڈی اور مسٹر سائیلو کمشنر بلدیہ سنگاریڈی کی زیرنگرانی منعقد ہوا۔ اراکین بلدیہ کی تاخیر سے آمد پر بلدیہ اجلاس صبح 11.35 بجے شروع ہوا جس میں سب سے پہلے اراکین بلدیہ کو حلف دلوایا گیا۔ اجلاس میں 31 کے منجملہ 29 اراکین نے شرکت کی اور حلف لیا۔ بیشتر اراکین نے تلگو اور انگلش زبان میں حلف لیا جبکہ محترمہ غوثیہ بیگم، محترمہ بی پاشاہ، محترمہ شبانہ بیگم اور جناب یعقوب علی نے بزبان اردو حلف لیا۔ انگریزی زبان میں حلف لینے والوں نے گاڈ اور تلگو میں بھگوان جبکہ اردو میں مذہبی اصول کے تحت حلف لیا ہے۔ محمد اعجاز احمد رکن بلدیہ نے بسم اللہ پڑھ کر حلف لیا۔ اراکین بلدیہ کے حلف برداری کے بعد دوپہر 12.20 بجے چیرمین بلدیہ کے انتخاب کا عمل شروع ہوا۔ پریسائیڈنگ آفیسر مدھوکر ریڈی نے کورم مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کانگریس، بی جے پی اور مجلس نے وہپ جاری کیا ہے۔ کانگریس اور بی جے پی نے اپنے وہپ میں کانگریس کونسلر ایم وجئے لکشمی کو چیرمین امیدوار اور بی جے پی کونسلر سنیل کمار کو وائس چیرمین بلدیہ ایدوار بنایا۔ عہدہ چیرمین کیلئے کانگریس امیدوارہ ایم وجئے لکشمی کا نام آزاد کونسلر اودیئے شری نے پیش کیا جبکہ بی جے پی کونسلر رمیش کمار نے اس کی تائید کی۔ ٹی آر ایس کونسلر جی پردیپ کمار نے کانگریس کونسلر ایم وینا کا نام پیش کیا جس کی تائید ٹی آر ایس کونسلر وینکٹیشم نے کی۔ چیرمین کیلئے دو امیدوار انتخابی میدان میں ہونے کی وجہ سے پریسائیڈنگ آفیسر نے انتخابات منعقد کروائے جس میں اراکین بلدیہ نے ہاتھ اٹھا کر اپنا ووٹ دیا۔ 31 رکنی بلدیہ سنگاریڈی میں 28 اراکین بلدیہ نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اپنے ووٹ کا استعمال کیا جس میں کانگریس امیدوارہ ایم وجئے لکشمی روی نے 18 ووٹ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ انہیں کانگریس کے 10، بی جے پی کے 4 اور آزاد 4 اراکین کے ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ٹی آر ایس کی جانب سے تائید کردہ باغی امیدوار کانگریس کو جملہ 10 ووٹ حاصل ہوئے جس میں مجلس کے 6، کانگریس اور آزاد ایک ایک جبکہ ٹی آر ایس کے 2 ووٹ شامل تھے۔ 2 مجلسی اراکین بلدیہ نے اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ سی پی ایم کونسلر ملیشم نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ واضح ہوکہ 31 رکنی بلدیہ سنگاریڈی میں کانگریس کو 11 ، مجلس کو 8، بی جے پی کو 4 ، ٹی آر ایس کو 2 ، سی پی ایم ایک اور 5 آزاد اراکین بلدیہ میں عہدہ چیرمین کیلئے کانگریس امیدوار کو 10 کانگریس 4 بی جے پی اور 4 آزاد اراکین کی تائید حاصل رہی۔ کانگریس نے بی جے پی کو وائس چیرمین کا عہدہ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے چیرمین کیلئے تائید حاصل کی لیکن کانگریس چیرمین منتخب ہونے کے فوری بعد ڈرامائی انداز میں کانگریس اراکین بلدیہ نے گووردھن نائیک کی قیادت میں اچانک اجلاس سے واک آوٹ کردیا۔ ان کے ہمراہ تین آزاد اراکین نے بھی واک آوٹ کردیا۔ بی جے پی قائدین نے کمانگریس کے اس اقدام کو غیراخلاقی قرار دیتے ہوئے انہیں منانے کی ناکام کوشش کی اور بالآخر بی جے پی نے بھی واک آوٹ کردیا جس کی وجہ سے وائس چیرمین انتخاب کیلئے درکار کورم نہیں رہا۔ اسی بنیاد پر پریسائیڈنگ آفیسر نے وائس چیرمین بلدیہ سنگاریڈی کا انتخاب ملتوی کرتے ہوئے جمعہ کی صبح 11 بجے منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ وائس چیرمین کیلئے مجلس نے محترمہ بی پاشاہ کو اپنا امیدوار بنایا جن کی تائید میں 11 ارکین اجلاس ملتوی ہونے تک ہال میں موجود رہے۔ بلدیہ سداسیو پیٹ میں کانگریس سے ٹی آر ایس میں کونسلرس کی شمولیت کے باعث ٹی آر ایس کے پی وجئے لکشمی چیرمین اور ٹی وشواناتھم وائس چیرمین منتخب ہوئے۔