بلدیہ سدا سیو پیٹ کے اجلاس کا انعقاد

مختلف امور پر مباحث، ترقیاتی کاموں میں لاپرواہی کی شکایت

سداسیوپیٹ۔یکم فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر نشین بلدیہ سدا سیو پیٹ شریمتی پٹنم وجئے لکشمی کی صدارت میں آج میونسپل میٹنگ ہال میں منعقدہ بلدی اجلاس کے شروع میں ہی سابق کوآپشن ممبر نارائن گوڑہ کی اچانک موت پر 2 منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ اس کے ساتھ جیسے ہی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی بلدی کونسلرس الیاس شریف، چنتا گوپال اور ارون کمار نے گذشتہ اجلاس کو لے کر کمشنر بلدیہ سے پوچھا کہ 28نومبر کو جو اجلاس منعقد کیا گیا تھا اس ایجنڈہ کو منظور کیا گیا یا نہیں۔ اس مسئلہ کو لے کر کافی دیر تک اجلاس میں ہنگامہ ہوا، پھر کانگریس فلور لیڈر ارون کمار نے ایک نمبر وارڈ میں واقع نل کے پانی کے لئے کھودے گئے گڑھوں کو جلد از جلد بھرنے کی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی کونسلر مانک راؤ اور الیاس شریف نے کمشنر اور صدر نشین بلدیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ میں شہر کے کئی سڑکوں پر غیر مجاز انہدامی کارروائی کی گئی تھی اس سے صرف اور صرف غریب تاجروں کا ہی نقصان ہوا ہے اور اس انہدامی کارروائی سے جو نالیاں نکالی گئی اس میں کچرا جمع ہوجانے کی تصویر کمشنر کو دکھاتے ہوئے انہیں جلد سے جلد صاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ قدوس کونسلر نے 14ویں فینانس کمیشن سے جو 25لاکھ روپئے کی لاگت سے سلاٹر ہاؤز کے ٹنڈر میں دیر کرنے پر کمشنر بلدیہ پر برہمی  جتائی۔ سید کلیم پٹیل ٹی آر ایس کونسلر نے گذشتہ ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ کے سدا سیوپیٹ دورہ کے موقع پر قنداق کی سڑکوں کو 8 ماہ میں تکمیل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر ایک سال ہونے پر بھی اس سڑک کو مکمل نہ ہونے پر کمشنر بلدیہ اور صدرنشین بلدیہ سے شکایت کی کہ اس کام کو فورا کیا جائے۔ محمد واجد کونسلر نے آنے والے گرما کے موسم میں عوام کو ٹینکر کے ذریعہ پانی مہیا کرنے کا مطالبہ کیا اور فیاض نگر میں بالخصوص پانی کی زیادہ قلت ہونے کی شکایت کی۔ اس موقع پر بلدی عہدیداروں محمد اسحاق خان میونسپل کمشنر، ستیا نارائنا میونسپل انجینئر کے بشمول ارکان بلدیہ سید کلیم پٹیل، قدوس قریشی، عبدالواجد، محمد الیاس شریف، ارون کمار، نیرشلم، لکشاپتی، چنتا گوپال معاون ارکان محمد امجد حسین، کے انجیا اور دوسرے اجلاس میں موجود تھے۔