بلدیہ جگتیال کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

گرما گرم مباحث کے درمیان مختلف امور کی منظوری
جگتیال /16 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ جگتیال کے جائزہ اجلاس میں کونسلرس کے درمیان گرما گرم بحث و تکرار کے درمیان ایجنڈے میں شامل تمام امور کی منظوری عمل میں آئی۔ اجلاس 45 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ چیر پرسن اور کانگریس کونسلرس تاخیر سے پہنچے، جب کہ اپوزیشن جماعت سے وابستہ ٹی آر ایس، تلگودیشم اور بی جے پی کے کونسلرس وقت مقررہ پر کونسل میں موجود تھے۔ اس موقع پر کانگریس کونسلرس نے ایجنڈے میں شامل امور پر غور و خوض کی بجائے دیگر مسائل پر بحث و تکرار کرتے ہوئے وقت ضائع کرنے کا ٹی آر ایس کونسلرس پر الزام عائد کیا۔ اجلاس کے آغاز پر ہی وظائف اور فوڈ سیکورٹی کارڈ کے مسئلہ پر کانگریس کونسلرس نے بحث و تکرار شروع کردی، جامع سروے دوبارہ کروانے کا مطالبہ کیا اور جگتیال میں دو ہزار خاندان کا سروے نہ ہونے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس کونسلرس نے فوڈ سیکورٹی کارڈ اور وظائف کی منظوری کی شرائط کے بارے میں دریافت کیا اور بیواؤں کے وظائف کے لئے ڈیتھ سرٹیفکٹ کے لزوم سے بیواؤں کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ کئی سال پہلے شوہر کے انتقال ہونے پر ڈیتھ سرٹیفکٹ کے لئے آر ڈی او سے جلد سرٹیفکٹ فراہم کرنے اور معذورین کے لئے سدرن کیمپ کے سرٹیفکٹ کو لازم قرار دیا جا رہا ہے، جب کہ بہت سے معذورین کے پاس یہ سرٹیفکٹ نہیں ہے۔ انھوں نے جگتیال میں سدرن کیمپ کا انعقاد عمل میں لانے اور تمام وظائف کی منظوری کے بعد ایک ساتھ تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا، ورنہ ہم لوگ عوام کو کیا جواب دیں گے۔ اسی دوران ریونیو انسپکٹر نے کونسلرس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فورڈ سیکورٹی کارڈ کے اہل ایک ہزار اسکوائر فٹ آر سی سی مکان رکھنے والے نہیں ہوسکتے اور جو اس کارڈ کا اہل نہیں ہے اور وہ وظیفہ کا بھی اہل نہیں ہوسکتا۔ اس موقع پر کونسلرس نے سابق میں شہر جگتیال میں کتنے لوگوں کو وظائف دیئے جا رہے تھے؟ کمشنر سے دریافت کیا۔ جس پر کمشنر نے بتایا کہ 6 ہزار لوگوں کو وظائف دیئے جا رہے تھے، تاہم فی الحال 35 ہزار درخواستیں وصول ہوئی ہیں، جن میں سے اب تک 2500 افراد کی منظوری عمل میں آئی ہے، جس کی اب تقسیم عمل میں آئے گی۔ دریں اثناء کونسلرس نے تقسیم کو روکتے ہوئے دوبارہ سروے کا مطالبہ کیا، کیونکہ سماجی سروے کا ڈاٹا غائب ہونے کی وجہ سے مستحقین کا نقصان ہوگا۔ اس موقع پر ہاؤزنگ کے متعلق بھی گرما گرم بحث ہوئی۔ ٹی آر ایس کونسلر نے نوکا پلی کالونی میں کسی قسم کی سہولت نہ ہونے کا الزام عائد کیا، جب کہ تلگودیشم کونسلر نے ہاؤزنگ عہدہ داران پر غیر ذمہ دارانہ کار کردگی کا الزام عائد کیا۔