سڑکوں کی کشادگی پر اتفاق ، ایجنڈے کے 46 امور کی منظوری
بودھن /29 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدرنشین بلدیہ بودھن مسٹر ایلیا کے زیر صدارت آج بلدیہ بودھن کے ماہانہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ بلدیہ بودھن پر برسر اقتدار سیاسی جماعت ٹی آر ایس کے صدر کو آج ان کی ہی جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن بلدیہ مسٹر شریف الدین کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایک موقع پر شریف الدین نے صدرنشین بلدیہ کے میز کے سامنے زمین پر بیٹھ کر احتجاج کیا ۔ شریف الدین نے بلدی حلقہ نمبر 19 میں واقع بلدیہ کے ملگیات میں قائم ایک چکن سنٹر کو مہر بند کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے کمشنر بلدیہ کے اس اقدام کو چیالنج کرتے ہوئے کمشنر بلدیہ کی اختیارات کی وضاحت کرنے کامطالبہ کیا ۔ شکرنگر کالونی سے تعلق رکھنے والے ارکان بلدیہ راشد احمد اور اطہر احمد نے شوگر فیاکٹری سے پیدا ہونے والی آلودگی کے انسداد کیلئے اور شہر کے ذریعہ آبادی کے درمیان آلودہ پانی کے نکاسی پر بلدیہ کی جانب سے تاحال کوئی موثر اقدام نہ اٹھانے پر بلدیہ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور دو عدد کمپیوٹرس کی خریدی کیلئے 95 ہزار روپئے رقمی منظوری پر مذکورہ ارکان بلدیہ نے اعتراض کیا اور گذشتہ تین ماہ قبل بلیک لسٹ میں شامل کئے گئے گتہ دار کا پھر سے ٹنڈر قبول کئے جانے پر صدرنشین بلدیہ سے وضاحت طلب کئے ۔ بلدی حلقہ نمبر گیارہ کے رکن بلدیہ سید رفیع الدین رفاعی نے شہر کی سڑکیں مزید کشادہ کرنے کا صدرنشین بلدیہ بودھن سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول و دفاتر کے اوقات کار میں عوام الناس اور اسکولی طلبہ کو ٹریفک کے باعث سڑکوں پر سے گذرنے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جناب رفیع کے مطالبے سے صدرنشین بلدیہ نے اتفاق کرتے ہوئے شہر کے تمام ارکان بلدیہ کے ساتھ تمام بلدی حلقوں کا دورہ کرنے کے بعد سڑکوں کی کشادگی کیلئے منصوبہ تیار کرنے سے اتفاق کیا ۔ نائب صدرنشین بلدیہ جناب حبیب خان قدیر نے شہر کے وسط میں موجود ریلوے گیٹ سے عوام کو ہونے والی تکالیف سے صدرنشین بلدیہ کو واقف کرواتے ہوئے انہوں نے عوام کی مشکلات سے محکمہ ریلوے کو واقف کروانے اور ریلوے گیٹ کے بند اور کشادگی کے اوقات میں کمی کرنے کیلئے اقدام کرنے کا صدرنشین بلدیہ سے خواہش کی ۔ شکرنگر کے کونسلر راما راجو نے کالونی سے ریلوے اسٹیشن شکرنگر تک کا راستہ صاف کروانے اور NDSL کی جانب سے اس راستے کے استعمال پر عائد کی گئی پابندی کو برخواست کروانے قانونی رائے حاصل کرنے کامطالبہ کیا ۔ آج کے ایجنڈے میں شامل 47 امور کو سوائے 47 ویں امور کے تمام کو متفقہ طور پر منظوری دے دی گی ۔ 47 ویں امور میں شامل 8 عارضی ملازمین کے تقرر کی اجازت حاصل کرنے کیلئے پیش کئے گئے امور پر شرف الدین نے اعتراض کیا ۔ آج کے اجلاس میں ویرا سوامی ، میر نظیر علی ڈپو عابد سیٹھ دامودھر ریڈی اعجاز خان اور دیگر ارکان بلدیہ نے مباحث میں حصہ لیا ۔ کمشنر بلدیہ پرساد راؤ انجینئیر واسودیو ریڈی نے بھی اجلاس میں شرکت کیا ۔