بلدیہ بودھن کی ملگیوں کا ہفتہ کو ہراج

بودھن۔/22اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمشنر بلدیہ بودھن مسٹر دیویندر نے اپنے چیمبر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ قدیم بس اسٹانڈ بودھن پر واقع بلدیہ کے 13ملگیات کو کرائے پر دینے کیلئے 25اپریل کو دفتر بلدیہ میں گیارہ بجے دن ہراج مقرر ہے۔ زیادہ بولی لگانے والے درخواست گذار کو بعد ضابطہ کی تکمیل ملگی حوالے کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہراج میں قبل ازیں مقررہ وقت ٹنڈر شیڈول داخل کرنے والوں کو ہی شرکت کرنے کی اجازت ہوگی۔

کانگریس ارکان بلدیہ کی
ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاع
بودھن۔/22اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن بلدیہ کی کونسل میں موجود برسر اقتدار سیاسی جماعت ٹی آر ایس کے ارکان بلدیہ کی تعداد میں اضافہ اور کانگریس کے ارکان بلدیہ کی تعداد میں کمی ہونے کے قوی امکانات نظر آرہے ہیں۔ 35رکنی کونسل میں ٹی آر ایس کے 9ارکان منتخب ہوئے تھے اب ان میں مزید پانچ ارکان کا اضافہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ صدرنشین بلدیہ بودھن کے انتخابات کے موقع پر دو کانگریس ارکان نے بغاوت کرتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی کے امیدوار کی تائید کی تھی اور اب مزید تین کانگریس ارکان کی جانب سے پارٹی چھوڑ دینے کی تیاریاں کرنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ جملہ پانچ ارکان بلدیہ باضابطہ ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی تیاریاں کرنے کی اطلاع ہے۔