بلجیم میں بحری، بری اور فضائی ٹرانسپورٹ کی ہڑتال

برسلز ۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ کئی برسوں میں شاید یہ پہلا موقع ہیکہ بلجیم میں ہوئی اعظم ترین ہڑتال نے اس کا رابطہ عالمی سطح پر منعقد کردیا کیونکہ ٹریڈ یونینوں نے پروازوں، بین الاقوامی ریل رابطوں اور بندرگاہوں کو حکومت کی نئی منصوبہ بندی کے خلاف بند کروادیا۔ نئے وزیراعظم چارلس مائیکل کی نئی پالیسیوں کے خلاف گذشتہ ایک ماہ سے ہڑتالی ورکرس میں بے چینی پائی جارہی ہے لہٰذا جب پانی سر سے اونچا ہوگیا تو آج بدترین ہڑتال کی صورت میں آمدورفت کے نظام کو معطل کردیا گیا جبکہ اسکولس، تجارتی ادارے اور سرکاری دفاتر بھی بند رہے۔ یوروپی یونین کے برسلز ہیڈکوارٹرس کے باہر بھی ہڑتالی ورکرس نے نعرہ بازی بھی کی۔ یاد رہیکہ 28 ملکی ہیڈکوارٹرس کو عرصہ دراز سے احتجاج کا سامنا ہے جو دراصل قرضہ جات میں کٹوتی کے بعد یورو کرنسی کو لاحق خطرہ کے خلاف کیا جارہا ہے۔