زیورخ،نیویارک ۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام) بدعنوانی کے الزامات سے پریشان فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے پانچویں مرتبہ منتخب ہونے والے صدر سپ بلاٹر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔گذشتہ ہفتے فیفا کانگریس نے79 سالہ بلاٹر کو بھاری اکثریت کے ساتھ پانچویں مرتبہ صدر منتخب کیا تھا۔فیفا کو بدعنوانی کے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ ان تمام پر الزام ہے کہ وہ رشوت، تاجروں سے زبردستی رقمیں بٹورنے اور کالے دھن کو سفید کرنے میں ملوث رہے ہیں اور انھوں نے 1991 کے بعد سے فیفا میں کروڑوں ڈالرس کی ہیرا پھیری کی ہے۔مبینہ بدعنوانی کے الزامات کے منظر عام پر آنے کے بعد فٹبال کی یورپی تنظیم ’یوئیفا‘ کے صدر مچل پلاٹینی نے بلاٹر پر زور دیا کہ وہ نئے انتخابات سے پہلے تنظیم کی صدارت سے مستعفیٰ ہو جائیں۔تاہم بلاٹر نے انتخاب سے دستبردار ہونے کا مشورہ یہ کہہ کر ماننے سے انکار کر دیا تھا کہ اب بہت دیر ہو گئی ہے۔
بلاٹر کے مستعفیٰ ہونے کے بعد فیفا کے صدر کے عہدہ کے لئے ہند۔امریکی سنیل گلاٹی سب سے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آرہے ہیں جو ریکارڈ تیسری مرتبہ یو ایس ساکر فیڈریشن کے صدر ہیں اور امیدکی جارہی ہے کہ سنیل ہی فیفا کے آئندہ صدر ہوں گے۔امریکی میڈیا کی اکثریت نے 55 سالہ الہ آباد سے تعلق رکھنے والے سنیل کو فیفا کے صدر کے عہدہ کے لئے مضبوط امیدوار قرار دیا ہے اور لکھا ہے امریکہ میں گذشتہ چند دہوں کے دوران فٹبال کے فروغ کے لئے سنیل نے کلیدی رول ادا کیا ہے اور فیفا کے اعلیٰ عہدہ کے لئے موزوں امیدوار ہیں۔سنیل کے آئندہ فیفا کے صدر بننے کی اس لئے بھی امید کی جارہی ہے کیونکہ بلاٹر کے مستعفیٰ ہونے کے بعد امریکہ بھی صدر کے عہدہ میں کافی دلچسپی لے رہا ہے۔فٹبال کے کھلاڑیوں کی عالمی یونین نے بلاٹر کے استعفیٰ کا خیرمقدم کیا ہے
اور کہا ہے کہ اس سے فٹبال کے کھیل کے انتظام میں کلیدی اصلاحات لانے کا بہتر موقع سامنے آیا ہے۔یونین کے بموجب کھیل کی ساکھ کی بحالی اور کھلاڑیوں کی بہبود کے لئے صرف بے عیب گورننس ہی قابلِ قبول ہوگی اور یہ کہ کھلاڑیوں کو شامل کئے بغیر اصلاحات کا عمل کامیاب نہیں ہو سکے گا۔پرتگال سے تعلق رکھنے والی سابق فٹبالر لوئس فیگو نے بھی بلاٹر کے استعفیٰ کو فیفا اور فٹبال کے لئے ایک اچھا دن قرار دیا ہے۔فیگو نے فیفا کے حالیہ صدارتی انتخاب میں بھی حصہ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ رائے دہی سے ایک ہفتہ قبل دستبردار ہوگئے تھے۔فیس بک پر اپنے پیغام میں فیگو نے کہا کہ آخرکار تبدیلی آ رہی ہے۔ فیگو نے کہا کہ آج وہ دن آ ہی گیا ہے۔ آب ہمیں ذمہ دارانہ اور پرسکون انداز میں دنیا بھر کا متفقہ حل تلاش کرنا چاہیے تاکہ فیفا میں شفافیت اور جمہوریت کا نیا دور شروع ہو سکے۔
فٹبال کے عالمی مقابلوں کی اسپانسر مشروب ساز کمپنی کوکاکولا نے بلاٹر کے استعفیٰ کو مثبت قدم قرار دیا ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ فیفا سامنے آنے والے (بدعنوانی کے) معاملات سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کے سلسلے میں فوری کارروائی کرے گی اور ان سب کا اعتماد دوبارہ جیت لے گی جو فٹبال کے کھیل سے پیار کرتے ہیں۔کوکاکولا نے مزید کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ فیصلہ فیفا کو 21ویں صدی کے لحاظ سے ڈھانچے کی تشکیل اور جدید دور کا ادارہ بننے میں مدد دے گا۔دریں اثناء فیفا کی ایک اور اسپانسر کمپنی ہونڈائی نے بلاٹر کے استعفیٰ کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ہونڈائی کے بموجب بلاٹر کا استعفیٰ فیفا میں جامع اصلاحات اور اس کے موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی سمت پہلا اور مثبت قدم ہے۔