بلاگرکو کوڑے مارنے کی سزا پرتنقید حکومت سعودی عرب کی جانب سے مسترد

ریاض ۔8مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب نے اس کے بلاگر رائف بداوی کو کوڑے مارنے کی سزا پر تنقیدوں کو مسترد کردیا ۔ بداوی کو 20ہفتوں کی مدت میں ایک ہزار کوڑے مارنے کی سزا سنائی گئی ہے کیونکہ وہ اسلام کی توہین کا مرتکب قرار دیا گیا ہے ۔ بداوی کو اس کی سزا کے 50کوڑے جدہ میں ایک مسجد کے باہر 9جنوری کو لگائے گئے تھے اور باقی کوڑوں کی سزا طبی بنیادوں پر ملتوی کردی گئی ۔ کل کے ایک بیان کے بموجب وزارت خارجہ کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ کی رائف بداوی کے مقدمہ پر مرکوز مہم کی شدت سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدلیہ پر تنقید ہے ۔ مملکت سعودی عرب اپنے داخلی اُمور میں کسی بھی قسم کی مداخلت قبول نہیں کرتی اور اسے مسترد کرتی ہے ۔ اس کے آزاد عدالتی نظام پر تنقید بھی مملکت کیلئے ناقابل قبول ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ایس پی اے کے بموجب 31سالہ بداوی نے عالمی گیر سطح پر برہمی پیدا کردی ہے اور اقوام متحدہ ‘ امریکہ ‘ یوروپی یونین ‘ کینیڈا اور دیگر کی جانب سے انہیں کوڑوں کی سزا کی مذمت کی جارہی ہے ۔ بداوی سعودی فراخدل نٹ ورک انٹرنیٹ تبادلہ خیال گروپ کا بانی ہے‘ اسے جون 2012ء میں سائبر جرائم کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور سعودی عرب کی بدنام زمانہ مذہبی پولیس پر تنقید کے الزام میں اس کا ویب سائیٹ بند کردیا گیا تھا ۔